بڈگام میں رشوت ستانی کا معاملہ

دستاویزات کی واپسی کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کرنے کا الزام

سرینگر// یو این ایس// مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے ضلع بڈگام میں رشوت ستانی کے ایک معاملے میں فارسٹ رینج آفیسر سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔یو این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع کے مطابق سی بی آئی نے ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا، جس میں شپورہ نصی پورہ بڈگام کے ایک شہری نے الزام عائد کیا تھا کہ محکمہ جنگلات کے بعض اہلکاروں نے ان کے خاندانی فرنیچر یونٹ سے متعلق سرکاری دستاویزات اپنے قبضے میں لے رکھی ہیں اور ان کی واپسی کے لیے رشوت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔شکایت کے مطابق بڈگام میں تعینات رینج آفیسر منظور احمد نے ابتدائی طور پر 15 ہزار روپے رشوت طلب کی، جسے بعد میں 10 ہزار روپے تک کم کر دیا گیا۔ سی بی آئی نے شکایت کی جانچ کے دوران رشوت طلب کیے جانے کے الزام کی تصدیق کی، جس کے بعد 13 جون کو انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت باقاعدہ ایف آئی آر درج کی گئی۔مقدمے میں رینج آفیسر منظور احمد کے علاوہ ایک فارسٹر اور ایک کیجول لیبرر کو بھی نامزد کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران سی بی آئی کی اینٹی کرپشن برانچ سرینگر نے ایک خصوصی ٹریپ ٹیم تشکیل دی، جس نے منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو رشوت کی رقم کا ڈرافٹ وصول کرتے وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔سی بی آئی نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔