accident

بانہال کے چوپان پورہ چیک نارواگائوں میں دوران شب دلخراش واقعہ رونما

متوفین میں 35سالہ خاتون اوراُسکا12سالہ بیٹااور2کمسن بیٹیاں شامل

بانہال//ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں بدھ کی صبح ایک ہی خاندان کے4 افراد پربشمول جواں سالہ خاتون اوراُسکے3 کم عمر بچوں کواسرار حالات میں مردہ پایاگیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان اموات کی وجہ کمرے میں گیس کااخراج بتائی گئی ہے ،تاہم پولیس نے اس المناک واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق تحصیل بانہال کے چیک نارواگائوں کے چوپان پورہ محلے میں بدھ کی صبح اُسوقت سراسیمگی کی صورتحال پیداہوئی ،جب یہاں ایک گھر میں ایک ہی کنبے کے چار افرادکوکمرے میں مردہ پایاگیا۔اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی بانہال پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچی اور چاروں متوفین کی نعشوں کوسب ضلع اسپتال بانہال منتقل کیاگیا۔پولیس نے اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوںکی شناخت 35سالہ نورجہاں زوجہ عبدالرشید ،اور متوفی خاتون کے تین بچوں 12سالہ ظفر احمد ،8سالہ شازیہ بانو اور5سالہ آدیہ بانو کے بطور کی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ چاروں متوفین کی نعشوں کوبانہال اسپتال ضابطے کی کارروائی کیلئے منتقل کیاگیا،جہاں طبی اورقانونی لوازمات کوپورا کرنے کے بعدچاروں متوفین کی نعشوںکوآخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپردکیاگیا۔اس دوران ذرائع نے بتایاکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ اموات کوئلے کی انگیٹھی سے دوران شب گیس کے اخراج سے ہوئی ہیں،اور ممکنہ طور پر خاتون اوراُسکے تین کمسن بچے کمرے میں گیس جمع ہونے کے بعددم گھٹ جانے سے فوت ہوئے ہیں ،تاہم بانہال پولیس نے معاملہ درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ہے ۔اُدھر جواں سالہ خاتون اوراُس کے تین کمسن بچوںکی نعشوں کوجب بانہال اسپتال سے آبائی گھر پہنچایاگیاتو وہاں کہرا م مچ گیا،اور چوپان پورہ چیک نارواوگائوں کی فضاء سوگوار ہوئی ۔بڑی تعدادمیں یہاں متوفین کے رشتہ دار اوردیگر لوگ جمع ہوئے ،اورسبھی کی آنکھیں اشکبار تھیں ۔