بارہمولہ حملے اور امرناتھ یاترا کی منسوخی سے متعلق جعلی خبروں کی سختی سے تردید

بارہمولہ میں کسی دہشت گرد حملے یا فائرنگ کا واقعہ پیش نہیں آیا، یاترا معمول کے مطابق ہوگی// پولیس

سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے بارہمولہ میں مبینہ دہشت گرد حملے، سرکاری دفاتر پر فائرنگ اور امرناتھ یاترا کی منسوخی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر جھوٹا، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے ان افواہوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔یو این ایس کے مطابق بارہمولہ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارموںپر یہ جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں نے بارہمولہ میں پولیس اسٹیشن اور سرکاری دفاتر پر حملہ کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ نے امرناتھ یاترا منسوخ کرنے کی تجویز دی ہے۔ پولیس نے واضح کیا کہ ان تمام دعوؤں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ مکمل طور پر من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔پولیس کے مطابق بارہمولہ ضلع میں نہ تو کسی پولیس تھانے یا سرکاری دفتر پر کوئی دہشت گرد حملہ ہوا ہے اور نہ ہی فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔ اسی طرح امرناتھ یاترا کی منسوخی سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات بھی سراسر جھوٹی اور گمراہ کن ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اس قسم کی من گھڑت معلومات دانستہ طور پر پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ عوام میں خوف و ہراس پیدا کیا جائے، امن و امان کی صورتحال کو متاثر کیا جائے، عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچائی جائے اور جاری شری امرناتھ یاترا کے دوران بے چینی کی فضا پیدا کی جا سکے۔پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ افواہیں تخلیق کرنے، شائع کرنے اور سوشل میڈیا پر پھیلانے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے واضح کیا کہ ایسے تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جنہوں نے جان بوجھ کر جھوٹی معلومات تیار کیں یا انہیں آگے بڑھا کر افواہوں کو فروغ دیا۔یو این ایس کے مطابق بارہمولہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں اور پیغامات کو شیئر یا فارورڈ کرنے سے گریز کریں، کیونکہ جھوٹی معلومات نہ صرف غیر ضروری خوف و ہراس اور بدامنی کا سبب بنتی ہیں بلکہ قانون کے تحت قابل سزا جرم بھی ہے۔پولیس نے عوام پر زور دیا کہ وہ پرامن رہیں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور صرف حکومت اور جموں و کشمیر پولیس کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی مصدقہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔واضح رہے کہ سالانہ شری امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہو رہی ہے جو 57 روز تک جاری رہنے کے بعد 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی، جبکہ یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی اور انتظامی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔