ایڈوکیٹ جنرل آفس کا سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل رمیش اروڑہ کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت

جموں//ایڈووکیٹ جنرل جموں کے دفتر میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر کے سینئر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رمیش اروڑہ کے اچانک اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت اَدا کی گئی۔ سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل مونیکا کوہلی نے تعزیتی میٹنگ کی صدارت کی جس میں سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرلز، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرلز، ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرلز، سرکاری وکلأ کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل آفس جموں و کشمیر، جموں کے اَفسران و عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مونیکا کوہلی نے مرحوم رمیش اروڑہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قانونی کمیونٹی کا ایک درخشاں ستارہ، تجربہ کار وکیل اور ایک شفیق اِنسان قرار دیا جن کی خدمات کو قانونی شعبے اور عوامی خدمت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دورانِ میٹنگ تمام شرکأ نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون اور سوگوار کنبے کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کے لئے دعا کی اور اُن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا۔مرحوم کی روح کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی۔