ایودھیا رام مندر میں چوری ‘ 6 گرفتار

نئی دہلی/ ایجنسیز // ایودھیا رام مندر میں چندے اور چڑھاوے کی چوری کے معاملے میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور چھ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر میں آٹھ ملزمین کا ذکر ہے جن میں سے چھ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور وہ مندر کے ملازم بتائے گئے ہیں۔ یہ لوگ نقدی گننے کے ذمہد ار تھے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں میں تمام آٹھ افراد رقومات کا خرد برد کرتے پائے گئے تھے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ملزمین میں انوکلپ مشرا ‘ لو کش مشرا ‘ اویناش شکلا ‘ رام شنکر مشرا ‘ رام شنکر یادو ‘ منیش یادو ‘ سبھاش چندر سریواستو اور کرونیش پانڈے شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے کے ڈرائیور رام شنکر یادو اور ایک اور شخص کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔ پولیس نے آج شام اس معاملے میں حرکت میں آتے ہوئے ایف آئی آر درج کی ۔ اس سلسلہ شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیترا ٹرسٹ کی جانبس ے شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 7 تا 7.5 کروڑ روپئے غائب پائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ مسئلہ سب سے پہلے سماجوادی پارٹی نے اٹھایا تھا ۔ پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو اور دوسرے قائدین نے رام مندر ٹرسٹ میں چوری کے الزامات عائد کئے تھے اور دعوی کیا تھا کہ جو عطیات اور چڑھاوے چڑھائے جاتے ہیں ان میں کروڑ ہا روپئے کا غبن ہوا ہے ۔ انہوں نے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس کے علاوہ ٹرسٹ اور حکومت کی خاموشی پر بھی سوال اٹھائے تھے ۔ رام جنم بھومی ٹرسٹ کی جانب سے پہلے حکومت سے خواہش کی گئی تھی کہ وہ تحقیقات کروائے اور اگر کچھ غلط ہوا ہے تو اس پر کارروائی کی جائے ۔ حکومت کی تحقیقات کے بعد ایف آئی آر درج کروایا گیا ہے ۔