ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا میں98 ہزار سے زائد درخواستیں

34 ہزار سولر تنصیبات مکمل، 268 کروڑ روپے سبسڈی مستفدین کو منتقل

سرینگر/یو این ایس// جموں کشمیر کے محکمہ بجلی نے وزیر اعظم سوریہ گھر، مفت بجلی یوجنا کے تحت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک بھر میں مئی 2026 کے دوران روف ٹاپ سولر درخواستوں، تنصیبات اور معائنوں کے زمرے میں دوسرا مقام (فرسٹ رنر اپ) حاصل کیا ہے۔ یہ اعزاز نئی دہلی میں منعقدہ ’’پی ایم سوریہ گھر: مفت بجلی یوجنا کے دو سال‘‘ کے قومی پروگرام کے دوران وزارتِ نئی و قابلِ تجدید توانائی (ایم این آر ای) کی جانب سے دیا گیا۔یو این ایس کے مطابق یہ ایوارڈ جموں و کشمیر کی جانب سے کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمود احمد شاہ نے وصول کیا۔ حکام کے مطابق یہ کامیابی محکمہ بجلی، ڈسکامز، ضلعی انتظامیہ، فیلڈ عملے، رجسٹرڈ وینڈرز اور صارفین کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر سے قومی پورٹل پر اب تک 98 ہزار 601 درخواستیں درج کی گئی ہیں، جن میں جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن (جے پی ڈی سی ایل) کے تحت 29 ہزار 402 اور کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن (کے پی ڈی سی ایل) کے تحت 69 ہزار 184 درخواستیں شامل ہیں۔ ان میں سے 33 ہزار 987 روف ٹاپ سولر سسٹمز کامیابی کے ساتھ نصب کیے جا چکے ہیں، جن میں جموں خطے میں 12 ہزار 730 اور کشمیر خطے میں 21 ہزار 255 تنصیبات شامل ہیں۔ان تنصیبات کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں 121.61 میگاواٹ قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت کا اضافہ ہوا ہے۔ مستفیدین کو مرکزی مالی امداد (سی ایف اے) کی مد میں 258.18 کروڑ روپے براہِ راست منتقل کیے گئے ہیں جبکہ یوٹی حکومت کی جانب سے مزید 10 کروڑ روپے سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر بینک اس اسکیم کے تحت اہم مالیاتی ادارے کے طور پر ابھرا ہے۔ اب تک 45 ہزار 321 قرض درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 27 ہزار 75 کو منظور یا جاری کیا جا چکا ہے۔ خطے میں 80 فیصد سے زیادہ سولر تنصیبات کم شرح سود والے قرضوں کے ذریعے عمل میں آئی ہیں۔محکمہ بجلی نے اس کامیابی پر وزارتِ نئی و قابلِ تجدید توانائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ اور پی ایم سوریہ گھر یوجنا کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔