چیف سیکرٹری نے سکمز کو کواٹرنری کیئر ہَب میں تبدیل کرنے کا ویژن پیش کیا
سری نگر//شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ایس کے آئی ایم ایس )صورہ کی سٹینڈنگ فائنانس کمیٹی (ایس ایف سی) نے ایک اہم اِنتظامی پیش رفت کے طور پر اور طویل عرصے سے زیر اِلتوأ ترقیاتی اقدامات کو نئی تحریک فراہم کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں اس ممتاز طبی اِدارے کو خطے میں کوآٹرنری ہیلتھ کیئر سہولیت اور سینٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کرنے کے لئے ایک واضح ویژن پیش کیا گیا۔سٹینڈنگ فائنانس کمیٹی کی آخری میٹنگ اگست 2021 میں منعقد ہوئی تھی۔ اعلیٰ سطح کے مالیاتی اور اِنتظامی نظام کی بحالی سے اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں تیزی آنے، اِدارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور سکمزکی مستقبل کی ترقی کے لئے ایک نیا روڈ میپ فراہم کرنے کی توقع ہے۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ( ایڈیشنل چیف سیکرٹری ) ،فائنانس شیلندر کمار، کمشنر سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم ایم راجو، ڈائریکٹر سکمز ،اِی او ایس جی پروفیسر (ڈاکٹر) محمد اشرف گنائی،پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ پروفیسر (ڈاکٹر) فضل کیو پرے اور محکمہ منصوبہ بندی کے ایک نمائندے نے شرکت کی۔اِس موقع پر چیف سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے سکمزاِنتظامیہ پر زور دیا کہ ادارے کو کوآٹرنری ہیلتھ کیئر سہولیت اور خطے کے طبی اداروں کے لئے سینٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کرکے ایک بلند تر ادارہ جاتی معیار قائم کیا جائے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت سکمز کو سپر سپیشلٹی طبی خدمات، جدید طبی ٹیکنالوجی، طبی تعلیم اور جدید ترین تحقیق کے شعبوں میں اس کی صلاحیتوں کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ اس اِدارے کے قیام کے بنیادی مقصد اور ویژن کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔
چیف سیکرٹری نے مریضوں کی نگہداشت کی خدمات میں ہمہ گیر تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سکمز کو دُنیا بھر میں تیزی سے ترقی کر رہی جدید ترین ٹیکنالوجیوں، علاج کے پروٹوکولز اور طبی طریقۂ کار کو اَپنانا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ خطے کی ابھرتی ہوئی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ادارے کے طریقہ کار، بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کا معیار کئی گنا بلند ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سکمزکو مسلسل ملک کے بہترین طبی اِداروں کے معیار کے ساتھ اَپنا موازنہ کرتے ہوئے اَپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے۔چیف سیکرٹری نے سکمز انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کی نگہداشت، بنیادی ڈھانچے، آلات، اَفرادی قوت اور خصوصی طبی خدمات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جائے تاکہ جموں و کشمیر کے مریضوں کو جدید اور اِنتہائی خصوصی علاج کے لئے خطے سے باہر جانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔اُنہوںنے سکمز کو طبی تعلیم اورریسرچ کے شعبے میںسینٹر آف ایکسی لینس کے طور پر مزید مضبوط بنانے بالخصوص کینسر اور خطے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے دیگر امراض کے شعبوں پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے تحقیق پر مبنی طبی حل تیار کرنے اور ایسے اعلیٰ تربیت یافتہ طبی ماہرین کی ٹیم تشکیل دینے پر زور دیا جو صحت کے اُبھرتے ہوئے چیلنجوںسے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوآٹرنری سطح کی طبی سہولیات تک رسائی کو مزید وسعت دی جانی چاہیے تاکہ لوگوں کو ان کے سماجی و معاشی پس منظر سے قطع نظر جدید علاج کی سہولیات ان کے گھروں کے قریب دستیاب ہوسکیں۔فائنانشل کمشنر (اے سی ایس) محکمہ خزانہ شیلندر کمار نے سکمز جیسے اہم اور تزویراتی حیثیت رکھنے والے ادارے کی معاونت کے لئے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔اُنہوں نے سکمز میں اِنتظامی ایکسی لینس، مالیاتی دیرپائی اور زیادہ سے زیادہ ادارہ جاتی خود انحصاری اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیاجبکہ خصوصی اور اعلیٰ معیار کی مریضوں کی نگہداشت میں مسلسل بلند تر معیار قائم کرنے کی بھی تاکید کی۔کمشنر سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم ایم راجو نے مریضوں کی نگہداشت، تعلیمی سرگرمیوں اور تحقیق کے شعبوں میں ادارے کی کارکردگی کو مضبوط بنانے کے لئے سکمز قیادت کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے عوام کی بدلتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مسلسل ادارہ جاتی ترقی کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اِس سے قبل ڈائریکٹرسکمز پروفیسر (ڈاکٹر) محمد اشرف گنائی نے ادارے کی توسیع کے حوالے سے ایک جامع ویژن پیش کیا جس میں ٹریشری اور کوآٹرنری ہیلتھ کیئر کو مضبوط بنانے، خصوصی تربیت یافتہ اَفرادی قوت میں اضافہ کرنے، بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے اور جدید طبی ٹیکنالوجیوں کو مربوط کرنے کے اقدامات شامل تھے۔کمیٹی نے سٹیٹ کینسر انسٹی چیوٹ کے مؤثر طور پر کام کرنے کے لئے مطلوبہ اَسامیوں کی منظوری بھی دی جبکہ کارڈیو ویسکولر اینڈ تھوراسک سرجری (سی وِی ٹی ایس)، نرسنگ اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں کو مزید مضبوط بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔کمیٹی نے پیشہ ورانہ تربیت اور عملی تجربے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے بی ایس سی اور ایم ایس سی نرسنگ کے طالب علموں کے لئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس کے تحت طلبأ کو منظم کلینیکل تجربہ حاصل ہوگا اور انہیں اپنی مہارتوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے مواقع میسر آئیں گے۔کمیٹی نے ترجیحی منصوبوں اور ادارے کی توسیعی سکیموں پر بروقت عمل آوری کے لئے ضروری اِنتظامی اور مالی معاونت فراہم کرنے کے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔










