حکومت نے جموں میں 49.34 کروڑ روپے کے پارکنگ منصوبوں کی منظوری دی

اپنی مدتِ کار میں بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ نہیں ہوگا

سخت تنقید اور عوامی رد عمل کے بعد وزیراعلی عمر عبداللہ کی نئی یقین دہانی

ٹنگمرگ //یو این ایس/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ ساڑھے تین برس کے دوران عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے کی کوشش کرے گی۔تانگمرگ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ حالیہ بجلی نرخوں میں نظرثانی کے ذریعے صارفین پر محدود اضافی بوجھ ڈالا گیا ہے، جبکہ سابقہ حکومتوں کے دور میں بھی بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب سابقہ حکومتیں اقتدار میں تھیں اور انہیں بجلی کے نرخ بڑھانے پڑے تو تقریباً چار سال قبل نرخوں میں 13 سے 15 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔سابقہ پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب محبوبہ مفتی وزیر اعلیٰ تھیں تو اس وقت بھی بجلی کے نرخوں میں 13.5 سے 14 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔عمر عبداللہ نے حالیہ نرخوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں سے سوال کیا کہ اس وقت وہ خاموش کیوں رہے تھے اور کیا اس وقت انہیں محسوس نہیں ہوا کہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ کو کم سے کم رکھنے کی پوری کوشش کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ’’ان شاء￿ اللہ اس حکومت کی مدت کے دوران اب بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اس سے زیادہ نہیں۔‘‘عمر عبداللہ نے کہا کہ اب حکومت کی توجہ بنیادی عوامی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوگی، جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، اسکولوں کی مرمت، صحت مراکز میں ڈاکٹروں کی دستیابی، سڑکوں کی بہتری اور باغبانی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنا، بچوں کے لیے اسکولوں کو بہتر بنانا، اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنانا، سڑکوں کی حالت بہتر کرنا، فروٹ منڈی قائم کرنا اور علاقے کو ترقی دینا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کے اس عزم کو بھی دہرایا کہ عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو موجودہ مدتِ کار کے دوران پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا، ’’ان شاء اللہ آئندہ ساڑھے تین برس میں عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے اور پھر آپ کے سامنے حاضر ہوں گے۔‘‘