10 دنوں تک برف و باراںکی پیش گوئی نہیں
سری نگر//محکمہ موسمیات نے جمعرات کو کہا کہ آج شام تک موسم میں بتدریج بہتری آئے گی اور کل یعنی جمعے سے موسم خوشگوار ہو جائے گا جبکہ اکتوبر کے آخر تک کوئی بڑی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات سرینگر کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ پیش گوئی کے مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی جس سے پارہ نیچے آگیا۔مختار احمدنے کہا کہ شمالی کشمیر کے مشہور سیاحتی سکی ریزورٹ اورسیاحتی مقام گلمرگ میں سیزن کا سب سے کم درجہ حرارت منفی2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے دوپہر کوکہا کہ جمعرات کو آنے والے 3 سے4 گھنٹوں کے دوران موسم بے ترتیب رہے گا ،تاہم شام یا دیر تک موسم کی صورتحال میں بتدریج بہتری آئے گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمدنے کہا کہ کل یعنی جمعے سے اکتوبر کے آخر تک موسم خوشگوار رہے گا کیونکہ موسمی نظام میں کوئی بڑی خرابی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن کسانوں نے اپنی فصل کاٹ لی ہے، اُنہیں چاہیے کہ وہ اسے محفوظ طریقے سے ذخیرہ کر لیں اور انہیں گھبرانا نہیں چاہیے کیونکہ اگلے 10 دنوں تک کسی بڑی بارش یا برف باری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔










