200نفوس والے ٹیتھن گائوں کوملی پہلی مرتبہ بجلی :مقامی لوگ،حکام کاشکریہ
اننت ناگ//مرکزی م مالی عاونت والی اسکیم کے تحت جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ڈورو بلاک کے ٹیتھن کے قبائلی علاقے کے مکینوں کو تقریباً 75 سال بعد بجلی کا کنکشن ملا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق وزیراعظم ترقیاتی پیکیج اسکیم کے تحت اب جاکے200 لوگوں کی آبادی والے اس دور افتادہ گاؤں میں بجلی پہنچ گئی ہے۔اننت ناگ کی پہاڑیوں پر واقع تیتھن کے باشندے اس وقت خوش ہوئے جب گاؤں میں تقریباً75 سال بعد پہلی بار پہلا بلب روشن ہوا۔75 سالوں سے، اس گاؤں کے لوگ اپنی توانائی کی ضروریات کے لئے روایتی لکڑی پر انحصار کرتے تھے اور لالٹین و موم بتی کی روشنی کا استعمال کرتے تھے۔مقامی باشندوں نے کہاکہ ہم نے آج پہلی بار بجلی دیکھی ہے۔ ہمارے بچے اب روشنی میں پڑھیں گے۔ وہ خوش ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم اب تک اپنی توانائی کی ضروریات کیلئے روایتی لکڑی پر انحصار کرتے تھے۔ مقامی باشندوں نے کہاکہ ہمارے مسائل اب حل ہو رہے ہیں،اور ہم بجلی فراہم کرنے پر حکومت اور متعلقہ محکمے کے شکر گزار ہیں۔مقامی باشندوں نے کہاکہ ہم ایل جی صاحب اور ڈی سی صاحب کے بے حد مشکور ہیں۔ ہم محکمہ بجلی کے بھی شکر گزار ہیں۔ پچھلی نسلیں بجلی کا معجزہ نہ دیکھ سکیں۔ آج ہم خوش قسمت ہیں کہ حکومت نے بجلی فراہم کی ہے۔محکمہ بجلی اور ضلع انتظامیہ کی انتھک کوششوں سے اننت ناگ شہر سے 45 کلومیٹر دور واقع اس گاؤں میں بجلی پہنچ گئی۔محکمہ بجلی کے یک اہلکار نے بتایا کہ دورافتادہ گاؤں میں تیز رفتار عمل کے ذریعے بجلی لائی گئی ہے۔تکنیکی افسر، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، اننت ناگ فیاض احمد صوفی نے کہاکہ ہم نے نیٹ ورکنگ کا عمل2022 میں شروع کیا تھا۔ لیکن ہائی ٹینشن لائن کو ٹیپ کرنے کا مسئلہ تھا۔ آج اس دور افتادہ علاقے کو بجلی فراہم کی گئی۔ ہم نے یہاں ایک 63 (KV) ٹرانسفارمر نصب کیا۔ اس گاؤں کے مکینوں نے75 سال بعد پہلی بار بجلی دیکھی ہے۔فیاض احمد صوفی نے مزید کہا کہ اس گاؤں میں ایک ٹرانسفارمر، 38 ہائی ٹینشن لائنیں اور 57 ایل ٹی پولز (کل95 کھمبے) لگائے گئے ہیں، جو 60 گھروں کو بجلی فراہم کر رہے ہیں۔










