amarnath yatra 2025

امرناتھ یاترا 2026 کیلئے فول پروف سکیورٹی گریڈ قائم

سی آر پی کی140کمپنیاں تعینات،400 سی سی ٹی وی کیمرے نصب،28 واچ ٹاور بھی قائم

سرینگر// یو این ایس// 3 جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ شری امرناتھ یاترا 2026 کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں سکیورٹی انتظامات کو غیر معمولی حد تک مضبوط بنا دیا گیا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق لاکھوںیاتریوں کی محفوظ اور پْرامن یاترا کو یقینی بنانے کیلئے کثیر سطحی حفاظتی حصار قائم کیا گیا ہے جس میں مرکزی اور مقامی سکیورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔یو این ایس کے مطابق سکیورٹی حکام نے بتایا کہ پہلگام سے مقدس امرناتھ غار تک یاترا روٹ پر ایک جامع اور مربوط حفاظتی منصوبہ نافذ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پورے راستے کو 19 مختلف سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر سیکٹر کی نگرانی کیلئے سینئر پولیس اور سکیورٹی افسران کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور نمٹا جا سکے۔حکام کے مطابق یاترا روٹ پر سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی 140 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، خصوصی کمانڈو دستے، پہاڑی علاقوں میں کارروائی کرنے والی ایلیٹ فورسز اور دیگر حفاظتی یونٹس بھی سکیورٹی گرڈ کا حصہ ہوں گے۔ ان فورسز کو حساس مقامات، بیس کیمپوں اور یاترا کے مختلف پڑاؤ پر تعینات کیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق یاترا روٹ کے اطراف واقع پہاڑی علاقوں، جنگلاتی خطوں اور دریا کے کناروں کی دو مرتبہ مکمل تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو پہلے ہی ناکام بنایا جا سکے۔ اس عمل میں فوج، نیم فوجی دستے اور جموں و کشمیر پولیس مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔جدید نگرانی نظام کو بھی غیر معمولی طور پر وسعت دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یاترا روٹ پر تقریباً 400 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جنہیں جدید فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ مشتبہ سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ اس کے علاوہ مختلف حساس مقامات پر 28 واچ ٹاور بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں سے پورے علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔یو این ایس کے مطابق سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف مقامات پر کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جو ریئل ٹائم رابطہ کاری اور فوری ردعمل کو یقینی بنائیں گے۔ حکام کے مطابق ان مراکز کے ذریعے مختلف ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔یاترا سے وابستہ خدمات فراہم کرنے والوں اور دکانداروں کی شناخت اور نگرانی کیلئے ’’پہچان ایپ‘‘ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے کیو آر کوڈ کی بنیاد پر رجسٹرڈ افراد کی تصدیق کی جائے گی تاکہ صرف مجاز افراد ہی یاترا کے علاقوں میں خدمات انجام دے سکیں۔سکیورٹی حکام نے یاتریوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کی سلامتی اور سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کسی خوف یا تشویش کے بغیر یاترا میں شرکت کریں کیونکہ حفاظتی ادارے ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔امرناتھ یاترا ہندو عقیدت مندوں کی اہم ترین مذہبی زیارتوں میں شمار ہوتی ہے اور ہر سال ملک بھر سے لاکھوں زائرین اس مقدس سفر میں شرکت کرتے ہیں۔ اس سال یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر اگست تک جاری رہے گی، جس کے دوران مختلف سکیورٹی اور سول ادارے باہمی اشتراک سے اس کے پْرامن انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔