abdul rahim rather

اسمبلی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو جوابدہی یقینی بنانے کی ہدایت

کمیٹیوں کو مؤثر، نتیجہ خیز اور شفاف نگرانی کا ذریعہ بنانا لازمی// عبدالرحیم راتھر

سرینگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم رادھر نے اسمبلی کی مختلف کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کرکے انہیں ان کے فرائض اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور حکومتی جوابدہی کو مؤثر بنانے کیلئے کمیٹیوں کے کردار کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔میٹنگ کے دوران اسپیکر نے کہا کہ اسمبلی کمیٹیاں انتظامیہ کو جوابدہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں، عوامی اخراجات اور مجوزہ قوانین کا غیرجانبدارانہ اور تفصیلی جائزہ ہی مضبوط طرزِ حکمرانی کی بنیاد ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کمیٹیوں کے کام کاج کو منظم اور مؤثر بنانے کیلئے کئی اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکن کو مسلسل دو یا اس سے زائد اجلاسوں سے غیرمجاز طور پر غیرحاضر رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی غیرحاضریوں کے خلاف اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسپیکر نے ہدایت دی کہ دو مسلسل اجلاسوں کے درمیان کم از کم 15 دن کا وقفہ رکھا جائے تاکہ اسمبلی سیکریٹریٹ اور متعلقہ محکموں کو ایجنڈا تیار کرنے، جوابات مرتب کرنے اور دیگر متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کیلئے مناسب وقت میسر آسکے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی کمیٹی کے ایک اجلاس میں صرف ایک سرکاری محکمے کے معاملات کا جائزہ لیا جائے تاکہ تفصیلی اور مؤثر جانچ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹیوں کی کارروائی صرف طے شدہ ایجنڈا تک محدود رہنی چاہیے تاکہ اجلاس نتیجہ خیز ثابت ہوں۔عبدالرحیم رادھر نے جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ اور محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور کو ہدایت دی کہ وہ اسمبلی سیکریٹریٹ اور مختلف محکموں کے درمیان قریبی تال میل کو یقینی بنائیں تاکہ کمیٹیوں کا کام زیادہ مؤثر، بامقصد اور نتیجہ خیز بن سکے۔انہوں نے کہا کہ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ تمام سرکاری محکموں کو ایک سرکلر جاری کرے جس میں اسمبلی میں پیش کی جانے والی کمیٹی رپورٹوں میں شامل سفارشات اور مشاہدات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایجنڈا سے متعلق کام کا بوجھ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔اسپیکر نے اجلاس کے اختتام پر تمام چیئرمینوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی کمیٹیوں کی قیادت پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ کریں تاکہ قانون ساز نگرانی کا نظام عوامی فلاح، شفافیت اور بہتر حکمرانی کا ایک مضبوط ذریعہ بن سکے۔یو این ایس کے مطابق اجلاس میں کمشنر سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ ایم راجو، اسمبلی سیکریٹری منوج پنڈتا، محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور اور اسمبلی سیکریٹریٹ کے سینئر افسران کے علاوہ مختلف اسمبلی کمیٹیوں کے چیئرمین بھی موجود تھے۔