نیشنل کانفرنس عوام کی توجہ اپنی ناکامیوں سے ہٹانے کی کوشش//درخشاں اندرابی
سرینگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی جانب سے 20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر مجوزہ احتجاج سے جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ واپس نہیں ملے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ احتجاج عوام کی توجہ نیشنل کانفرنس کی ناکامیوں سے ہٹانے کی کوشش ہے۔یو این ایس کے مطابق بڈگام کے مگام علاقے کے مکھامہ میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج کا ریاستی درجے کی بحالی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا، “ریاستی درجہ جنتر منتر کے احتجاج سے واپس نہیں آئے گا۔ نیشنل کانفرنس اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ احتجاج کر رہی ہے۔”درخشاں اندرابی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ متعدد مواقع پر یہ یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ “وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ریاستی درجہ بحال ہوگا۔ یہ ضرور بحال ہوگا، لیکن جنتر منتر کے احتجاج کی وجہ سے نہیں۔”قابل ذکر ہے کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے کے حق میں 20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔










