آل جموںوکشمیر لیکچررزایسو سی ایشن نے سری نگر میں وزیر تعلیم سے ملاقات کی

سری نگر// آل جموں و کشمیر لیکچررز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر بھر کے لیکچرروں کو درپیش کئی دیرینہ مسائل کے حوالے سے ایک تفصیلی یادداشت پیش کی۔دورانِ ملاقات وفد نے وزیر کو آگاہ کیا کہ ایشیورڈ کیریئر پروگریشن (اے سی پی) سکیم کی عمل آوری میں تاخیر، گزیٹیڈریکروٹمنٹ رولز کو حتمی شکل نہ دئیے جانے، باقاعدہ سالانہ ٹرانسفر ڈرائیو کے ساتھ ساتھ ہائی سکول ایجوکیشن کے سیکنڈری سکول میں بڑی تعداد میں خالی اَسامیوں کو متاثر کرنے کی وجہ سے لیکچرروںکو درپیش طویل جمود کے بارے میں آگاہ کیا۔وفد نے وزیر سے مطالبہ کیا کہ اے سی پی سکیم جو طویل عرصے سے زیر التوا ٔ ہے، کو جلد از جلدعملایا جائے اور دیگر جائز مسائل کا بھی مناسب ازالہ کیا جائے۔وزیر موصوفہ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل کو بغور سنا اور ایسوسی ایشن کی طرف سے اُٹھائے گئے معاملات کی صداقت، اہمیت اور جائز حیثیت کو تسلیم کیا۔ اُنہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت تدریسی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوںنے انہیں یہ بھی یقین دِلایا کہ محکمہ ایک جامع اور شفاف ٹرانسفر پالیسی پر کام کر رہا ہے جسے جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔