dooran news

سکاسٹ جموں نے ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام(ایچ اے ڈِی پی) ‘ کے تحت

ایس آر اِی پی۔2025 کی آغاز ی تقریب کا اِنعقاد کیا

جموں//شیرکشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچر ل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی جموں (سکاسٹ جموں) نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈِی پی) کے تحت بابا جیتو آڈیٹوریم، چھتہ میں سٹوڈنٹس رورل ایکسپلوریشن پروگرام (ایس آر اِی پی)۔ 2025 کی فلیگ آف تقریب کا اِنعقاد کیا۔ صوبہ جموںکے تمام اَضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 800 طلبأ اِس بڑے تجرباتی سیکھنے کے پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔ اِس موقعہ پر وزیر برائے محکمہ زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار مہمانِ خصوصی تھے۔جاوید ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرعی ترقی کو آگے بڑھانے اور جموں و کشمیر کی کسان کمیونٹی کی زِندگی بہتر بنانے میں سکاسٹ جموں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس نوعیت کی یونیورسٹیاں زرعی شعبے میں سائنسی اِختراعات، ٹیکنالوجی کی ترسیل اور اِستعداد کار میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔اُنہوں نے طلبأ پر زور دیتے ہوئے کہا ،’’ کسانوں کی طرح بنیں ، کسانوں کے لئے کام کریں او رکسانوں کے ساتھ مل کر کام کریں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ زراعت کی حقیقی فہم اس وقت پید ا ہوتی ہے جب نوجوان پیشہ ور اَفراد کسان کمیونٹی کی روح ، ہمت اور محنت کو سمجھتے اور اَپناتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں زرعی ترقی کا مستقبل طلبأ کی شراکت پر منحصر ہے جن کی اِختراع اور عملی شمولیت محکموں کی کارکردگی اور شعبہ جاتی ترقی کو مضبوط بنائے گی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ایس آر اِی پی طلبأ کو متنوع زرعی آب و ہوا والے خطوں میں موجود زمینی حقائق اور چیلنجوں کا مشاہدہ کرنے اور شواہد پر مبنی منصوبہ بندی میں تعاون کرنے کا قیمتی موقع فراہم کرتا ہے۔اُنہوں نے ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈِی پی )‘کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام کسان مرکوز اقدامات کے لئے اِنتہائی اہم مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے ایس آر اِی پی کے ذریعے تجرباتی تعلیم کو اِدارہ جاتی بنانے کے لئے سکاسٹ جموں کی ستائش کی۔ اۃنہوں نے ریڈیو کسان جموں 90.8 ایف ایم جیسے پلیٹ فارموںکے ذریعے کسان۔سائنس دان رابطے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔وزیر جاوید ڈار نے طلبأ کو ہدایت دی کہ وہ دیہی کمیونٹیوں کے ساتھ گہرائی سے جڑیں، مقامی روایتی علم کو دستاویزی شکل دیں اور جموں و کشمیر میں زرعی ترقی کے دیرپا ترقی میں اَپنا رول اَدا کریں۔ مہمان ذِی وقار وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این ترپاٹھی نے یونیورسٹی کی علمی اور توسیعی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے پر وزیر زراعت کی تعریف کی۔اُنہوں نے’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈِی پی)‘ کو ایک انقلابی اقدام قرار دیا جو کسانوں کی بہتری کے لئے اہم مالی معاونت اور حکمت عملی کا رُخ فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایچ اے ڈِی پی سے منسلک سرگرمیوں نے فیلڈ پر مبنی سیکھنے میں اضافہ، کسانوں تک بہتر رسائی اور نچلی سطح پر ہونے والی اختراعات کی دستاویز بندی میں مدد فراہم کی ہے۔ اُنہوں نے طلبأ پر زور دیا کہ وہ زرعی و موسمی تنوع کا مشاہدہ کریں، مقامی چیلنجوں کو سمجھیں اورایس آر اِی پی پلیٹ فارم کے ذریعے شواہد پر مبنی منصوبہ بندی اور کسان مرکوز توسیعی سرگرمیوں میں اَپنا رول اَدا کریں۔پروگرام میں ڈائریکٹر ریسرچ ایس کے گپتا،زرعی توسیعی تعلیم کے ڈویژن پروفیسر وِنود گپتا ، ڈائریکٹر ایجوکیشن پروفیسر سنجے کھر، ڈائریکٹر ایکسٹینشن پروفیسر امریش وید نے شرکت کی۔اِس کے علاوہ اس موقعہ پر ڈائریکٹر آر آر ڈی جموں، ڈائریکٹر زراعت جموں، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں موجود تھے۔