کمشنر سیکرٹری جی اے ڈِی نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے میں منظم
جموں// جموں و کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ، پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ (جے کے آئی ایم پی اے آر ڈِی) نے کیپسٹی بلڈنگ کمیشن (سی بی سی) نئی دہلی کے اِشتراک سے یہاں کنونشن سینٹر میں جموں و کشمیر کے سرکاری محکموں کے لئے’ کیپسٹی بلڈنگ پلانز کی ترقی(ڈِی سی بی پیز)‘کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا اِنعقاد کیا۔چیئرپرسن سی بی سی رادھا وہا نے ورکشاپ کا اِی۔اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈِی) واِنفارمیشن ایم راجو، ڈائریکٹر جے کے امپارڈ ریحانہ بتول ،پرنسپل ایڈوائزر (سٹیٹس) سی بی سی چندر لیکھا مکھرجی،جے کے امپارڈ کے فیکلٹی ممبران اور دیگر اَفسران بھی موجو دتھے۔ کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ایم راجو نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے اور شہری مرکوز اِنتظامی ثقافت کو فروغ دینے میں منظم صلاحیت سازی حکمت عملیوں کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ صلاحیت سازی کے منصوبے متحرک ، ڈیٹا پر مبنی اور اُبھرتی ہوئی حکمرانی کی ترجیحات جیسے’ ڈیجیٹل تبدیلی، عمل کی ازسرنو تشکیل اور نتائج پر مبنی منصوبہ بندی ‘سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔اُنہوں نے جے کے امپارڈ اور سی بی سی کی اس پہل کی سراہناکرتے ہوئے کہا کہ محکموں کے لئے مخصوص صلاحیت سازی فریم ورک نہ صرف ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ سرکاری ملازمین کو بدلتے ہوئے اِنتظامی چیلنجوںسے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے درکار مہارتیں بھی فراہم کریں گے۔ اُنہوں نے محکموں پر زور دیا کہ وہ مربوط طریقہ کار اَپنائیں اور یہ یقینی بنائیں کہ صلاحیت سازی کی سرگرمیاں زمینی سطح پر قابلِ پیمائش بہتری کا باعث بنیں۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر امپارڈ نے حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لئے منظم صلاحیت سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اِس سے قبل چیئرمین سی بی سی نے اپنے ورچیول خطاب میں ہر محکمے کے لئے صلاحیت سازی کے منظم طریقہ کار کو ادارہ جاتی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکموں کے لئے مخصوص صلاحیت سازی منصوبوں کی تشکیل نتائج پر مبنی حکمرانی اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اُنہوں نے مشن کرم یوگی کے قومی وژن اور مستقبل کے لئے تیار سول سروس کی تشکیل میں منظم صلاحیت سازی منصوبوںکے کردار کو بھی اُجاگر کیا۔دورانِ ورکشاپ پرنسپل ایڈوائزر (سٹیٹس)سی بی سی نے اَپنی پرزنٹیشن میں اے آئی ٹول کی مدد سے صلاحیت سازی منصوبوں کی تشکیل کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ اُنہوں نے بھوپال، مدھیہ پردیش میں اسی نوعیت کی حالیہ پہل سے حاصل شدہ تجربات کا بھی اِشتراک کیا۔ممبر (ایڈمن) کیپسٹی بلڈنگ کمیشن ڈاکٹر الکا متل نے بھی بذریعہ ورچیول موڈ شرکأ سے خطاب کیا ۔ورکشاپ میں جی اے ڈی، سماجی بہبود،سکولی تعلیم، دیہی ترقی،مکانات و شہری ترقی محکمہ، زراعت، صحت خدمات، ہوم/پولیس، ٹرانسپورٹ، کمانڈ ائیریا ڈیولپمنٹ، اعلیٰ تعلیم، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی،مہمان نوازی و خاطر تواضع محکمہ اور اطلاعات و تعلقات عامہ سمیت مختلف محکموں کے زائد اَز 200 اَفسران نے شرکت کی۔ شرکأ نے اپنے اپنے محکموں کے لئے صلاحیت سازی کے منصوبے کا مسودہ تیار کیا۔دورانِ ورکشاپ محکموں کی طرف سے پرزنٹیشنز بھی پیش کی گئیں جو یونین ٹیریٹری کے لئے ڈیٹا پر مبنی صلاحیت سازی کے منصوبوں کو حتمی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔










