ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور ایس ایم سی کمشنر نے شہر بھر میں معائینہ کر کے موسم سرما اور برف ہٹانے کی تیاریوں کا جائزہ کیا

ایم اِی ڈِی شالہ ٹینگ ، آئی سی سی سی ایچ ایم ٹی اور ایس ایم سی کنٹرول روم میں زمینی سطح پر تیاریوں کا معائینہ

سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اَکشے لابرو نے کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی)، فضل الحسیب کے ساتھ شہر بھر میں برف ہٹانے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس دورے کا مقصد عملے اور مشینری کی زمینی تیاری، کنٹرول روم کے کام کاج اور مجموعی طور پر موسمِ سرما کی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور ایس ایم سی کمشنر کے ہمراہ چیف اِنجینئر میکینکل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ بودھ راج، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میر امتیاز العزیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عادل فرید، جوائنٹ کمشنرایس ایم سی نزہت خورشید، جوائنٹ کمشنرایس ایم سی سیّد ابوالقاسم، چیف پلاننگ آفیسر فیاض احمد ڈار، ایس ڈی ایم ویسٹ عرفان بہادر، آر اینڈ بی،ایم اِی ڈِی،ایم ایم سی کے سپراِنٹنڈنگ انجینئروں اور دیگر افسران بھی تھے۔ضلع ترقیاتی سری نگر اور ایس ایم سی کمشنر نے اہم مقامات کا معائینہ کیا جن میں شالہ ٹینگ میں ایم اِی ڈِی سنو کلیئر نس کنٹرول ، ایچ ایم ٹی میں اِنٹگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) ،ایس ایم سی کنٹرول روم اور جیک لائن یارڈ شامل ہیں۔اَفسران نے رسپانس میکانزم، آلات کی دستیابی، مواصلاتی نظام اور فیلڈ ٹیموں کی تیاری کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایم سی کمشنر نے ایم اِی ڈِی کمپلیکس و کنٹرول روم شالہ میںچیف انجینئر ایم اِی ڈِی کے ہمراہ عملے اور مشینری کی تعیناتی، کنٹرول روم کی کارکردگی اور برفباری و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قائم کردہ کوآرڈی نیشن میکانزم کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سر ی نگر اور ایس ایم سی کمشنر کو بتایا گیا کہ 45 برف ہٹانے والی مشینیں مکمل طور پر تیار ہیں جنہیں 35 راستوں پر تعینات کیا جائے گا جن کی مجموعی سڑک لمبائی 1634 کلومیٹر ہے اور یہ تمام علاقے ایم اِی ڈِی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔دونوں افسران نے قریبی بین محکمانہ ہم آہنگی، 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے نظام پر زور دیا۔ اُنہوں نے بروقت منصوبہ بندی، عملے اور مشینری کی فوری تعیناتی اور مؤثر مواصلات کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ برفباری کی وجہ سے پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال کا مؤثر طریقے سے نمٹاجا سکے اور ضروری خدمات میں خلل نہ آئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے برف ہٹانے والی مشینری کو تیزی سے متحرک کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایس ایم سی کمشنر نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ الرٹ رہیں اور برفباری کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار رہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور ایس ایم سی کمشنر نے کنٹرول روموں کو چوبیس گھنٹے فعالیت کو یقینی بنانے اور ضروری خدمات میں رکاوٹ سے بچنے کے لئے مشینری کو تیز رفتاری سے متحرک کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو بروقت مدد فراہم کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار رہیں۔دریں اثنا، افسران نے انٹگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی آئی) ایچ ایم ٹی کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے سرمائی تیاریوں کی مؤثر نگرانی کے لئے سینٹر کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے وہاں تعینات مختلف محکموں کے اہلکاروں سے بات چیت کی جو سینٹر میں چوبیس گھنٹے نگرانی، سرویلنس اور ہنگامی حالات میں معلومات کے بروقت اِشتراک کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔بعد میںضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایم سی کمشنر نے جیک لائن یارڈ بٹہ مالو میں ایس ایم سی کنٹرول روم کا معائینہ کیا اور وہاں موجود مشینری اور برف صاف کرنے کی کارروائیوں کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔