جے کے بینک کی بحالی اور سیاحت کے فروغ کو نمایاں کامیابی قرار دیا
سرینگر//وی او آئی//مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی معیشت کی بحالی کے لیے “مرکوز اور پُرعزم” کوششوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو شدید دھچکے کے بعد عمر عبداللہ نے معیشت کو دوبارہ سنبھالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے 2019 کے بعد ملک کی اقتصادی جدوجہد اور عالمی و داخلی چیلنجوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معیشت کو مرکزی حکومت نے باریک بینی سے جانچا اور اسے مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ “جے کے بینک کی بحالی پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے، جس طرح جموں و کشمیر کی معیشت نے دوبارہ جان پکڑی۔” سیتا رمن نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دو مرتبہ ان سے ملاقات کی اور سیاحت کے جمود کے بعد معیشت کو بحال کرنے پر توجہ مرکوز رکھی۔ وزیر خزانہ نے بغیر نام لیے پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی مسائل ہمیشہ ریاستی اور غیر ریاستی عناصر کی وجہ سے رہے ہیں، اور اس بار بھی جموں و کشمیر کی معیشت کو بیرونی عوامل نے شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے پہلگام حملے کا ذکر کیا، جس میں 22 اپریل کو پاکستانی دہشت گردوں نے 26 افراد کو ہلاک کیا تھا، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔ سیتا رمن نے کہا کہ بھارتی معیشت نے عالمی سطح پر غیر یقینی حالات کے باوجود لچک کا مظاہرہ کیا ہے اور جموں و کشمیر کی بحالی اس کی ایک نمایاں مثال ہے۔










