بارہمولہ //جموں و کشمیر میں ایکو ٹورازم کو مضبوط بنانے اور روز گار کے مواقع بڑھانے کی ایک بڑی کوشش کے طور پر وزیر زراعت ، دیہی ترقی و پنچائتی راج ، کواپریٹوز اور الیکشن مسٹر جاوید احمد ڈار نے آج بارہمولہ ضلع میں کئی اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ۔ وزیر موصوف نے کیٹر ڈاچی اور لڈوہ میں نو تعمیر شدہ بلاج آفیسر فارسٹ ہٹس کا افتتاح کیا اور ہروان میں آنے والے فارسٹ ایکو پارکس اور زالورہ بارہمولہ میں انسپکشن فارسٹ ہٹ کی بنیاد رکھی ۔ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ڈار نے ان جنگلاتی سہولیات کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ محکمہ جنگلات نہ صرف انتظام و نگرانی کیلئے بلکہ ان کی لاجواب قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے بھی دور دراز جنگلاتی علاقوں میں ریسٹ ہاوسز اور انسپکشن ہٹس تیار کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ یہ جنگلات کے مقامات ۔ جو عظیم الشان پہاڑی سلسلوں اور پر سکون ندی نالوں کے نظارے پیش کرتے ہیں علاقے کے سب سے زیادہ خالص اور پاکیزہ مقامات میں سے ہیں ۔ لوگوں کو تحفظِ ماحولیات کی کوششوں میں شامل کرنے کیلئے جموں و کشمیر حکومت نے فطرت سے محبت کرنے والوں ، جنگلی حیات کے شائقین اور قدرتی ورثے کے تحفظ کیلئے پرعزم افراد کیلئے ان فارسٹ ریسٹ ہاؤسز اور انسپکشن ہٹس کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ‘‘ وزیر نے ایکو ٹورازم اور وسیع تر سیاحت کی ترقی کے اقدامات کے تحت ان مقامات کو فروغ دینے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ یہ مقامی کمیونٹیز کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے علاقے کے باشندوں کو یقین دلایا کہ تمام زیر التواء عوامی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جو انتظامیہ کے جامع ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ تقریب میں چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ کشمیر ، کنزرویٹر آف فاریسٹ نارتھ سرکل ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ، ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور بڑی تعداد میں باشندے موجود تھے ۔










