تربیت حاصل کرنے والوں کو جے اے کے ایل آئی رجمنٹ کا حصہ بننے پر مُبارک باد
سری نگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر لائٹ اِنفینٹری (جے کے ایل آئی) ریجمنٹل سینٹر سری نگر میں اگنی ویر بیچ۔06 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔اُنہوں نے نوجوان فوجیوں کو 31 ہفتے کی سخت تربیت کامیابی سے مکمل کرنے پر مُبارک باد دِی۔اُنہوں نے نیک خواہشات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی خدمت میں ایک باوقار اور باعزت کیریئر کے خواہاں ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اگنی ویروں اور ریکروٹوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’اس پُر مسرت موقعہ پر میں تمام اگنی ویروں اور ریکروٹوں کو دل کی گہرائیوں سے مُبارک باد اور نیک خواہشات کا اِظہار کرتا ہوں کیوں کہ آپ 31 ہفتوں کے مشکل امتحان اور سخت تربیت کے بعد جموں و کشمیر لائٹ انفینٹری رجمنٹ کے رُکن بننے جا رہے ہیں۔ آپ سب اس بات پر بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ جموں و کشمیر لائٹ اِنفینٹری کا حصہ بن رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اگنی ویر بیچ۔06 اور جے اے کے ایل آئی ٹیریٹوریل آرمی کے ریکروٹس ہمیشہ اس رجمنٹ کی تاریخ میں اَپنا نام فخر کے ساتھ درج کریں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’آپ اِس عظیم رجمنٹ کے نام اور اس کی میراث کو مزید سربلند کریں گے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے اُن کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اِظہار کرتے ہوئے کہا،’’مجھے صرف امید ہی نہیں، بلکہ مکمل یقین ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھائیں گے۔ آپ ملک کی فوج کا مستقبل ہیں اور آپ کے کندھوں پر بہت بڑی ذِمہ داری ہوگی۔ اِس ذِمہ داری کو پورا کرنے کے لئے نہ صرف ہندوستانی فوج بلکہ پورا ملک آپ سے بڑی توقعات رکھتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ ان تمام توقعات کو بخوبی پورا کریں گے۔‘‘اُنہوں نے نوجوان فوجیوں کے اہلِ خانہ کا بھی شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا،’’میں آپ کے اہلِ خانہ اور والدین کو مُبارک باد پیش کرتا ہوں اور اُن کا شکریہ اَدا کرتا ہوں جنہوں نے آپ کو فوج میں خدمت کرنے کے لئے وقف کیا اور آپ کو اگنی ویروںاور ریکروٹوںکے طور پر شامل ہونے کی ترغیب دی۔‘‘وزیر اعلیٰ نے پریڈ کے بعد اگنی ویروںکے ساتھ چائے نوش کی اور ان سے بات چیت کی، ان کے جذبے اور لگن کی سراہناکی۔ اِس موقعہ پر جی او سی 15 کور کے لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سری واستو ، ڈائریکٹر ایئرپورٹ سری نگر جاوید انجم، آئی ڈی ای ایس، آئی ایف اے ہیڈکوارٹر 15 کور وی کے پروہت،جوائنٹ ڈائریکٹر ایئرپورٹ سری نگرسوم راج اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










