شیخ محمد حنیف کے ڈراموں پر مبنی مجموعہ’’راشن کارڈ‘‘ کی ٹیگور ہال میں رسمِ رونمائی

حنیف کے ریڈیو ڈراموں نے عام انسان کی آواز کو بلند کیا /شبیر مجاہد

سرینگر / کے پی ایس //جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے منگلوار کو کانفرنس ہال ٹیگور ہال میں ایک پُروقار ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف ڈرامہ نویس و فنکار شیخ محمد حنیف کے ریڈیو ڈراموں پر مبنی مجموعہ ’’راشن کارڈ‘‘ کی رونمائی عمل میں لائی گئی۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق تقریب کی صدارت دُور درشن کیندر سرینگر کے سابق سربراہ شبیر مجاہد نے کی، جبکہ سربراہ ریڈیو کشمیر سرینگر غلام رسول آخون بطور مہمانِ خصوصی شریکِ محفل تھے۔ سابق سربراہ آل انڈیا ریڈیو سید ہمایوں قیصر،عیاش عارف، معروف براڈ کاسٹر صدر محمد امین بٹ اور صاحبِ کتاب شیخ محمد حنیف بھی ایوانِ صدارت میں تشریف فرما تھے۔کتاب کے حوالے سے نامور ڈرامہ نگار نثار نسیم نے تحقیقی و تجزیاتی مقالہ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور بھرپور داد دی۔اس موقعے پرسید ہمایوں قیصر،عیاش عارف، محمد امین بٹ، غلام رسول آخون، شکیل الرحمن، گلزار احمد گنائی، الطاف حسین اور منظور احمد میر نے بھی کتاب اور صاحبِ کتاب کی فنی و ادبی خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے صدارتی خطبے میں شبیر مجاہد نے ’’راشن کارڈ‘‘ کتاب کو کو عصرِ حاضر کے سماجی شعور کی حقیقی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ محمد حنیف نے ریڈیو ڈرامے کے ذریعے ہمیشہ عام انسان کی آواز کو بلند کیا ہے۔ انہوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے ادب و ثقافت کی خدمت جاری رکھیں گے۔تقریب کی نظامت کے فرائض شعبہ انسائیکلو پیڈیا کلچرل اکیڈیمی کے ایڈیٹر ڈاکٹر سید افتخار احمد نے انجام دئے جبکہ مقبول ساجد نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔ تقریب میں مشتاق علی احمد خان، دلدار اشرف شاہ، شبیر حکاک، طاہر نجار، محمد یوسف شاہین، شفیق قریشی، فرحت صدیقی، محمد شفیع خان، ہلال احمد خان، فیاض خلیل، جمیل انصاری، اور محمد یوسف(ریڈیو) بھی موجود تھے۔