مینڈھر// وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور نے منکوٹ بلاک میں 80 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح اور سنگِ بنیاد رکھنے کے ایک دِن بعد مینڈھر میں ایک جامع جائزہ میٹنگ منعقد کی تاکہ ڈویژن بھر میں جاری کاموں کی عمل آوری کے روڈمیپ اور پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت، جل شکتی، پی ڈبلیو ڈِی، پی ایم جی ایس وائی، آر اِی ڈبلیو اور پی ڈِی ڈِی کے ایگزیکٹیو انجینئروں، ڈِپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر اورمینڈھر، بالاکوٹ اور منکوٹ کے بلاک ڈیولپمنٹ اَفسران نے شرکت کی جنہوں نے اَپنے متعلقہ محکموں کے تحت شروع کئے گئے مختلف منصوبوں کی صورتحال کے بارے میں وزیر موصوف کو آگاہ کیا۔وزیر جاوید رانا نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ بڑے پیمانے پر جاری ترقیاتی عمل سرحدی علاقے کے لئے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اَب یہ ضروری ہے کہ تمام محکمے قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ منظور شدہ منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے اِس بات کو اُجاگر کیا کہ سڑک رابطے، پینے کے پانی کی فراہمی، تعلیمی ڈھانچے، عوامی سہولیات اور کھیلوں کی سہولیات سے متعلق منصوبے مینڈھر سب ڈویژن کے دُور دراز اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے اِنتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی تاخیر سے عوامی بہبود پر براہِ راست اثر پڑے گا۔وزیر موصوف نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر رُکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور ان کے ازالے کو یقینی بنائیں، ٹینڈرنگ اور اِنتظامی عمل کو آسان بنائیں اور فیلڈ کی باقاعدہ نگرانی کریں تاکہ زمینی سطح پر کام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔اُنہوں نے محکموں کے درمیان باقاعدہ مشترکہ جائزوں کی بھی ضرورت پر زور دِیا بالخصوص ان معاملات میں جو باہمی طور پر جڑے ہوئے ہیںجیسے زمین کی کلیئرنس، بجلی کے کھمبوں کی منتقلی، پانی کی پائپ لائنیں اور سڑکوں سے متعلق مسائل شامل ہیں۔
وزیر جل شکتی نے جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے اَفسران کو سخت نگرانی کا نظام قائم کرنے کی ہدایت دی جس میں ہفتہ وار پیش رفت رپورٹس، موقعے پر معائینے اور تکنیکی معیار کی پابندی شامل ہو۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی کاموں میں شفافیت اور معیار برقرار رکھنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔اُنہوں نے اس بات کی بھی توثیق کی کہ مینڈھر کے لئے تیارکردہ ترقیاتی روڈمیپ، عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے وسیع ویژن کا حصہ ہے جس کا مقصد کم ترقی یافتہ اور جغرافیائی طور پر دشوار گزار علاقوں کو ترقی، خود کفیل اور معاشی سرگرمیوں کے متحرک مراکز میں تبدیل کرنا ہے۔وزیر جاوید رانا نے کہا کہ حال ہی میں اِفتتاح اورشروع کئے گئے منصوبے صرف پہلے مرحلے کی نمائندگی کرتے ہیں اور آئندہ مراحل بھی منظم انداز میں شروع کئے جائیں گے تاکہ ہر گاؤں کو بنیادی ڈھانچے، خدمات اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہو سکیں۔اُنہوں نے فیلڈ اَفسران کی محنت اور لگن کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ عوام کے لئے قابلِ رسائی رہیں اور مقامی ضروریات اور شکایات کا فوری ازالہ کریں۔










