ملک دشمن عناصر کیخلاف کارورائی کو تیز کرنے کیلئے فعال اقدامات پر دیا زور
سرینگر / سی این آئی // جموں کشمیر پولیس سربراہ نلین پربھات نے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کرکے وہاں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ سی این آئی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں کشمیر نلین پربھات نے سرحدی ضلع میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پونچھ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈاریکٹر جنرل نے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ سیکورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی آپریشن اور خطے میں کام کرنے والی تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔عہدیداروں نے ڈی جی پی کو حالیہ پیش رفتوں، تعیناتی کے نمونوں اور کمزور علاقوں میں نگرانی کو بڑھانے کیلئے جاری کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈی جی پی پربھات نے ہموار بین ایجنسی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور افسران کو ضلع میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے سخت چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملک دشمن عناصر کی جانب سے خطے کی سلامتی کے ماحول کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے فعال اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔










