ناصر اسلم وانی نے ایف آئی سی سی آئی فریمس کے موقع پر فلم سازوں اور ٹور اپریٹرز سے باتچیت کی

جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی فلم سازی کی مہارتوں کو بہتر بنانے پر آئی آئی سی ٹی حکام سے تبادلہ خیال

ممبئی //وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی نے ممبئی میں فکی فریمس کے دوسرے دن فلم اور تفریحی صنعت کے ممتاز رہنماؤں اور سیاحت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ۔ اس ایونٹ میں فلم اور تفریحی دنیا کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔ جوائینٹ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر اور جوائینٹ ڈائریکٹر ٹورازم جموں مشیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔ مشیر موصوف نے مہاراشٹر کے مقامی ٹور اپریٹرز سے بھی ملاقات کی اور جموں و کشمیر کی سیاحت کو مہاراشٹر میں فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی ۔ اس کے علاوہ مشیر موصوف نے آئی آئی سی ٹی ( انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کریٹو ٹیکنالوجیز ) کے سینئر حکام کے ساتھ فلم سازی ، کامک ، اینیمیشن ، پوسٹ پروڈکشن اور دیگر تخلیقی شعبوں میںکشمیری نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ۔ مشیر کی ہدایت پر جوائینٹ ڈائریکٹر ٹورازم نے آئی آئی سی ٹی کے کیمپس کا دورہ کیا اور انسٹی ٹیوٹ کے سی ای او اور فیکلٹی سے ملاقات کی تا کہ انسٹی ٹیوٹ کے بارے میں جانکاری حاصل کی جا سکے اور اس کے پیش کردہ کورسز جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کس طرح فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں ۔ یہ بات چیت جموں و کشمیر حکومت کی سیاحت کو بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے ، جو اپریل 2025 میں پہلگام حملے کے بعد متاثر ہوئی تھی ۔