سرینگر//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ نرسنگ صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے، آج ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں یو ٹی میں نرسنگ ایجوکیشن کے معیار کا جامع جائیزہ لیا گیا ۔اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، پرنسپل آف جی ایم سی جموں اور سرینگر ، چئیر پرسن جے اینڈ کے ایلائیڈ اینڈ ہیلتھ کئیر کونسل ( اے اینڈ ایچ سی سی ) ، رجسٹرار جے اینڈ کے نرسنگ کونسل ، نرسنگ کالجز کے پرنسپلز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ جائیزے کے دوران چیف سیکرٹری نے اضلاع میں قائم کردہ نئے نرسنگ کالجز کے کام کاج کا جائیزہ لیا ، جن میں پیش کئے جانے والے کورسز کی رینج اور طلبہ کی شمولیت شامل ہے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈپلومہ سطح کے کورسز کو آہستہ آہستہ ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں اپ گریڈ کیا جائے تا کہ نرسنگ سیکٹر میں جدید صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ سوپور ، کلگام ، شوپیاں اور بڈگام میں نرسنگ کالجز کی جلد تکمیل اور آپریشنلائیزیشن کی جائے ، اس کے علاوہ باقی ماندہ چند اضلاع میں ایسے کالجز کے قیام کے امکان کا جائیزہ لیا جائے ۔ چیف سیکرٹری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غیر ضروری کورسز کو مرحلہ وار ختم کیا جائے جو مریضوں کی دیکھ بھال میں نمایاں کردار ادا نہیں کرتیاور نئے کورسز متعارف کرائے جائیں جو ابھرتی ہوئی صحت کی ضروریات کے مطابق ہوں ۔ معیاری تعلیم کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ان اداروں میں صرف اچھی طرح سے اہل فیکلٹی کو ہی تعینات کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے نرسنگ کالجوں کیلئے بھرتی کے قواعد تیار کرنے ، بھرتی ایجنسیوں کے ذریعے خالی آسامیوں کو پُر کرنے اور جہاں ضرورت ہو وہاں عہدوں کی تخلیق کرنے کا مطالبہ کیا تا کہ تدریس اور تربیت کے معیارات پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو ۔ حال ہی میں قائم شدہ جموں و کشمیر اسٹیٹ ایلائیڈ اینڈ ہیلتھ کئیر کونسل ( ایس اے اینڈ ایچ سی ) کے کام کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ اسے نیشنل کمیشن فار ایلائیڈ اینڈ ہیلتھ کئیر پروفیشنز ( این سی اے ایچ پی ) کے رہنما اصولوں اور ادارہ جاتی تیاری کے چیک لسٹس کے مطابق مناسب افرادی قوت اور مضبوط نگرانی کے نظام کے ساتھ مزید مضبوط کیا جائے ۔ سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے ایک جائیزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نرسنگ ایجوکیشن میں نمایاں پیش رفت حاصل کی گئی ہے ۔ گذشتہ ایک سال کے دوران یو ٹی کے کالجوں میں 360 نئی بی ایس سی نرسنگ سیٹیں ، 80 پوسٹ بیسک بی ایس سی نرسنگ سیٹیں اور 25 ایم ایس سی نرسنگ سیٹس کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے تعلیمی سیشن سے نرسنگ کالج جموں بھی 60 اضافی پوسٹ بیسک بی ایس سی نرسنگ سیٹس پیش کرے گا ۔ چیف سیکرٹری نے حکومت کے عزم کو دوہراتے ہوئے زور دیا کہ نرسنگ ایجوکیشن اور متعلقہ صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط کرنا مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے ، صحت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی خدمت کیلئے ایک ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔










