اِنٹر منسٹریل سینٹرل ٹیم ( آئی ایم سی ٹی) نے پلوامہ کا دورہ کر کے اِمدادی و بحالی اقدامات پر جائزہ میٹنگ منعقد کی

پانپور ، کاکا پورہ اور اونتی پورہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائینہ بھی کیا

پلوامہ//مرکزی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی حالیہ سیلاب سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے اِنٹر منسٹریل سینٹرل ٹیم ( آئی ایم سی ٹی )نے آج ضلع پلوامہ کا دورہ کیا۔ٹیم میںجوائنٹ سیکرٹری و مشیر ( آپریشنز و کمیونی کیشن ) این ڈِی ایم اے کرنل کے پی سنگھ، ریجنل آفیسر وزارتِ روڈ ٹرانسپورٹ و شاہراہیں ( ایم او آر ٹی ایچ ) جموںنوین چوراسیا، ڈائریکٹر وزارتِ دیہی ترقی ( ایم او آر ڈِی )راماوتار مینا،ڈائریکٹر وزارتِ جل شکتی، ایم اینڈ اے ڈائریکٹورٹ سی ڈبلیو سی جموں سچی جین،ڈپٹی ڈائریکٹروزارت توانائی آرتی سنگھ، ، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت و بہبود کساناںڈاکٹر وکرانت سنگھ ڈاکٹر وکرانت سنگھ، ڈپٹی ڈائریکٹر وزارتِ خزانہ مہیش کمار شامل تھے ۔دورے کے دوران ٹیم کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم اور کئی ضلعی و سیکٹورل اَفسران بھی تھے۔ٹیم نے پانپور، کاکا پورہ اور اونتی پورہ تحاصیل میں واقع سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیاجن میں باغات، دھان کے کھیت، تباہ شدہ سڑکیں، بند اور پُل شامل تھے۔بعد میں ٹیم نے سرکٹ ہاؤس پلوامہ میں ایک جائزہ میٹنگ کا اِنعقاد کیا جس میں ضلع کا خاکہ، جغرافیائی تناظر، اور شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے حوالے سے ایک تفصیلی پرزینٹیشن دی گئی۔آئی ایم سی ٹی کو جانکاری دی گئی کہ ضلع اِنتظامیہ نے سیلاب کے دوران کثیر الجہتی اور مرحلہ وار ریلیف رسپانس اختیار کیا۔میٹنگ میں ریسکو اور ریلیف اقدامات جیسے راشن کی فراہمی، ٹینکروں کے ذریعے پینے کے پانی کی سپلائی، فوڈ کِٹس و طبی اِمدا د اورپسماندہ کنبوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ٹیم کو یہ بھی بتایا گیا کہ بجلی کی ترسیل، پینے کے پانی کی سکیموں، سڑکوں، پُلوں، آبپاشی چینلوں اور سکولوں کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ عارضی بحالی کے کاموں کو فوری طور پر ترجیح دی گئی اور متاثرہ سکولوں میں حفاظتی آڈِٹس بھی کئے گئے جہاں ضروری ہوا وہاں عارضی طور پر منتقلی کی گئی۔ٹیم کومزید بتایا گیا کہ قلیل مدتی اقدامات جیسے سڑکوں کی صفائی، بجلی و پانی کی بحالی، اور راشن کی فراہمی پر فوری عمل کیا گیا ہے جبکہ طویل مدتی منصوبہ بندی بھی جاری ہے جس میں کناروںکو مضبوط بنانا ، سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات اور آفات سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ محکموں کی سطح پر نقصانات کی تفصیلات اور تخمینے مرتب کئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں مرکزی حکومت کو پیش کیا جا سکے۔آئی ایم سی ٹی نے ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے کئے گئے فوری ردِّعمل اور بحالی اَقدامات کو سراہا۔میٹنگ میں ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی)، جل شکتی (پی ایچ اِی)، آبپاشی و فلڈ کنٹرول، کے پی ڈِی سی ایل،پی ایم جی ایس وائی اور محکمہ صحت، زراعت، باغبانی، پشو و بھیڑ پالن، خوراک ،شہری رسدات و اَمور صارفین اور ریونیو کے سینئر افسران نے شرکت کی۔