چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ٹیکسٹائز نے جموںوکشمیر کے روایتی شعبوں کو فروغ دینے کیلئے

سکل ڈیولپمنٹ اور کاریگروں کو بااِختیار بنانے پر تبادلہ خیال کیا

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے سیکرٹری مرکزی وزارت ٹیکسٹائلز نیلم شامی راؤ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی جس میں یونین ٹیریٹری میں ہینڈ کرافٹس، ہینڈلوم اور سری کلچرکے شعبوں کی مضبوط ترویج اور انقلابی ترقی کے لئے ایک مستقبل بین روڈ میپ تیار کرنے پرتبادلہ خیال کیا۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے وزارت سے نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) سری نگر میں دستکاری شعبے کے لئے جدید سر ٹیفکیٹ کورسوں کومتعارف کرنے میں تعاون کی درخواست کی تاکہ انہیں وقت کے ساتھ مکمل ڈگری پروگراموں میں تبدیل کیا جا سکے۔ اُنہوں نے ’’مشن یووا‘‘سکیم کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند اور بااِختیار بنانے کے لئے ایک انکیوبیشن سینٹر کے قیام پر بھی زور دیا۔اَتل ڈولو نے جموں و کشمیر کی مستند ہاتھ سے بنی مصنوعات کو فروغ دینے میں کیو آر کوڈِنگ کے سٹریٹجک کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے مصنوعات کی اصلیت اور ٹریس ایبلٹی ممکن ہوگاجو مارکیٹ تک رسائی، برانڈ ویلیو میں اضافہ اور صارفین کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اُنہوں نے اِس ٹیکنالوجی کوہینڈی کرافٹس اور ہینڈلوم سیکٹر میں وسیع پیمانے پر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے سیکرٹری ٹیکسٹائلز کو یقین دِلایا کہ جے اینڈ کے حکومت جلد ہی بمنہ میں ویور سروس سینٹر کے قیام کے لئے اراضی کی منتقلی کا زیر التوأ مسئلہ حل کر لے گی ۔یہ ایک ایسا قدم ہے جس سے ہینڈلوم سیکٹر میں کاریگروں پر مرکوز اقدامات کو نمایاں طور پر تقویت ملے گی۔ دورانِ میٹنگ سیکرٹری ٹیکسٹائلز نے چیف سیکرٹری سے این آئی ایف ٹی سری نگر، اومپورہ کیمپس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔ اُنہوں نے انسٹی چیوٹ کو فیشن ٹیکنالوجی کا ایک ممتاز مرکز بنانے کے لئے مالی معاونت اور اضافی زمین کی ضرورت پر زور دیا۔نیلم شامی راؤ 9 اور 10 ؍ستمبر 2025 ء کو دو روزہ دورے پر سری نگر آئی ہوئی ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ ٹیکسٹائل اِنڈسٹری کے نمائندوں سے بات چیت کریں گی، انڈسٹریز و کامرس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان سے ملیں گی، کنی ہامہ کرافٹ ہینڈلوم ولیج کا ورچیوئل افتتاح کریں گی، مانسبل میں سی ایس سی سری۔ٹورزم پروجیکٹ کا اِفتتاح کریں گی، آئی آئی سی ٹی سری نگر میں 100 مستفیدین کو جدید سٹیل کارپٹ لومز تقسیم کریں گی اور سکاسٹ کشمیر میں اینمل فائبر کوالٹی ایشورنس لیبارٹری کا افتتاح کریں گی۔اِس دورے سے جموں و کشمیر کے روایتی شعبوں کی ترقی کے لئے پالیسی سپورٹ، تکنیکی رہنمائی اور وسائل کی تقسیم کی توقع ہے ۔ یہ ہنر مندی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، ہینڈ کرافٹس ہینڈلوم کی ویلیو چین کو کیو آرکوڈنگ اور مارکیٹ سے جوڑنے کے ذریعے مضبوط کرے گا، ویور سروس سینٹر اور کوالٹی لیبارٹری جیسے اِنفراسٹرکچر کو فروغ دے گا، ریشم سے متعلق سیاحت کو ترقی دے گا اور یونین ٹیریٹری کے بھرپور دستکاری و ٹیکسٹائل نظام کی طرف قومی توجہ اور سرمایہ کاری کو متوجہ کرے گا۔آج کی میٹنگ میں موجود دیگر اہم شخصیات میں جوائنٹ سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائلز پدمِنی سنگلا، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ، ڈائریکٹر ہینڈیکرافٹس و ہینڈلوم کشمیر مسرت اسلام، ڈائریکٹر جنرل این آئی ایف ٹی تنو کشیپ اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران شامل تھے۔