نائب وزیر اعلیٰ نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائیزہ لینے کیلئے زمینی دورہ کیا

نائب وزیر اعلیٰ نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائیزہ لینے کیلئے زمینی دورہ کیا

سدھڑا ، مجین ، لوئر رنگورہ اور داوارہ چوک کا دورہ کیا

جموں//حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائیزہ لینے کیلئے نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے آج جموں شہر کا وسیع دورہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے نچلی اور بدترین متاثرہ علاقوں سدھڑا، مجین ، لوئر رنگورہ اور داوارہ چوک کا دورہ کیا ۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور رہائشی مکانات ، زرعی کھیتوں ، عوامی سہولیات اور سڑکوں کے نیٹ ورک کو پہنچنے والے نقصان کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر راشن ، صاف پینے کا پانی ، ادویات اور عارضی پناہ گاہ کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت دی کہ نقصانات کی جامع جائیزہ رپورٹ تیار کریں اور اسے فوری طور پر حکومت کو پیش کریں تا کہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد مناسب معاوضہ اور بحالی کے پیکجز فراہم کئے جا سکیں ۔ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مسٹر چودھری نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور دوہرایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اولین ترجیح بروقت امداد اور بحالی فراہم کرنا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کے حکومتی عزم کو دوہرایا ، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ محکموں کو تیز امداد ، مناسب بحالی اور رہائشیوں کی طویل مدتی حفاظت کیلئے مل کر کام کرنا چاہئیے ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے ڈی آئی سی جموں کا اچانک دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے حاضری رجسٹر چیک کیا اور دفتر میں وقت کی پابندی کو برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے فوری سروس فراہمی ، عوامی آمدورفت کے بہتر انتظام اور بہتر بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ تمام سرکاری اسکیموں کے فوائد اصل وقت میں آخری شخص تک پہنچنے چاہئیں اور افسران سے کہا کہ وہ عوام کو بغیر کسی پریشانی کے خدمات یقینی بنائیں ۔