وزیر اعلیٰ نے اننت ناگ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

وزیر اعلیٰ نے اننت ناگ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

امداد ، بحالی اور طویل مدتی سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کی یقین دہانی کرائی

اننت ناگ //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اننت ناگ ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان مشکل حالات میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی امداد اور بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی ۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری ، وزراء سکینہ ایتو اور جاوید احمد رانا ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور ضلع کے متعلقہ ایم ایل ایز بھی تھے ۔ اپنے دورے کے دوران مسٹر عمر عبداللہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں مہندی کدل ، جنگلات منڈی ، دیوا کالونی ، اشاجی پورہ پل اور ضلع کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا ، گنجی وارہ کے رہائشیوں نے سیلاب کے پانی کے پمپ کی جلد تکمیل ، عید گاہ کالونی میں اندرونی سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے کاموں کیلئے مطالبات پیش کئے ۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے اننت ناگ میں ایک اعلیٰ سطحی جائیزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں نائب وزیر اعلیٰ ، وزراء ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ، متعلقہ ایم ایل ایز ، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ، ایس پی اننت ناگ ، تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے ضلعی افسران اور دیگر حکام شریک ہوئے ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا جن میں ریسکیو آپریشنز ، متاثرین کیلئے عارضی رہائش گاہوں کا قیام ، وسائل کی تعیناتی ، کمزور پشتوں پر ریت کی بوریوں کی تنصیب اور فوری بحالی کے کاموں کا آغاز شامل ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو واٹر لاگنگ کے مسائل ، سیلاب سے متاثرہ افراد اور اس طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بھی بریف کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو بحالی کے کاموں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ( جل شکتی ) کے ڈھانچے کی مستقل بحالی کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ اس کا براہ راست اثر عوامی صحت پر پڑتا ہے ۔ انہوں نے واٹر ٹینکر سروسز اور دیگر امدادی اقدامات کو ایم ایل ایز کے ساتھ مل کر ترجیحی بنیادوں پر سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں منظم کرنے اور پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی اور آر اینڈ بی جیسے محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کی ہدایت دی تا کہ افادی خدمات کی بحالی بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنائی جا سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے نقصانات کے جائیزے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی تا کہ متاثرہ افراد کیلئے معاوضے کیلئے حکومت ہند کے سامنے تفصیلی تجاویز پیش کی جا سکے ۔ انہوں نے حکام کو زرعی زمینوں ، باغبانی فصلوں اور شاہراہوں پر پھنسے پھلوں سے لدے ٹرکوں کے نقصانات کا جائیزہ لینے اور اس سلسلے میں اپنی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت دی ۔ طویل مدتی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے سیلاب کے چینل کی افادیت ، ندیوں اور نالوں کی کھدائی ، ڈی واٹرنگ پمپس کی تنصیب اور دریائی پشتوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔