جموں//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے گزشتہ روز جموں کے دورے کے بعد جس میں اُنہوں نے حالیہ سیلاب سے ہوئے نقصانات کا ذاتی طور پر جائزہ لیا ۔ چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج اِنتظامی سیکرٹریوں اور صوبائی اِنتظامیہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں وزیر داخلہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر فوری اور مقررہ وقت میں عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے شروعات میں چیف سیکرٹری نے متاثرہ لوگوں کو فوری ریلیف پہنچانے اور کم سے کم وقت میں بجلی کی فراہمی اور پینے کے صاف پانی سمیت ضروری خدمات کی جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے محکموں کے درمیان مکمل آہنگی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے بالخصوص سڑک رابطہ پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے کیوں کہ سڑکیں دیگر ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے اقدامات کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لئے ایک جامع ایکشن پلان تیار کریں اور ٹائم لائنز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے صحت عامہ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ پینے کے پانی کی فراہمی سے پہلے تمام آبی ذرائع کا آلودگی کے لئے ٹیسٹ کیا جائے تاکہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو مزید ہدایت دی کہ تمام متاثرہ دیہاتوں میں طبی کیمپ منعقد کئے جائیں، میڈیکل ٹیمیں صحت کی اہم جانچ کریں اور مقامی آبادی کو ضروری اَدویات کی دستیابی کویقینی بنائیں۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام عوامی بنیادی ڈھانچے بالخصوص تعلیمی و طبی ادارے، پُل اور سرکاری دفاتر کا تفصیلی حفاظتی آڈِٹ کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان کی ساختی مضبوطی اور اِنسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ یہ تمام اَقدامات حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہیں اور واضح کیا کہ یہ ہدایات براہ راست مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے دی گئی ہیں اور اِس لئے ان کو اِنتہائی عجلت اور سنجیدگی کے ساتھ عملایاجانا چاہیے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نہ صرف متاثرہ کنبوں کو فوری ریلیف اور بحالی فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر مضبوط اِنفراسٹرکچر، آفاتِ سماوی کی تیاری اور حفاظتی اَقدامات کے ذریعے مستقبل میں ایسی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لئے بھی کام کرے گی۔










