سرینگر//وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے رام بن اور ریاسی اضلاع میں حالیہ قدرتی آفات کے باعث جانی نقصان پر گہرے دُکھ اور تکلیف کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر نے کہا کہ رام بن مین بادل پھٹنے اور ریاسی میں لینڈ سلائیڈنگ سے ناقابلِ تلافی نقصان اور متاثرہ خاندانوں کو شدید تکلیف پہنچی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کہ ان ناگوار واقعات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ وہ اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور طاقت پائیں ۔ ‘‘ مسٹر شرما نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور صحت کے حکام کے ساتھ مل کر متاثرہ خاندانوں کیلئے ہر ممکن امداد ، ریلیف اور بحالی کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں ۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے وزیر نے موسم کی خراب پیشن گوئیوں کے پیش نظر چوکنا رہنے کی درخواست کی اور شہریوں سے کہا کہ وہ خطرناک اور لینڈ سلائیڈ کا شکار ہونے والے علاقوں سے دور رہیں اور اپنی حفاظت کیلئے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں ۔










