کشمیر میں علیحدگی پسندی کی تاریخ بن چکی ہے اور جلد ہی اس کا مکمل خاتمہ ہوگا
سرینگر // وزیر اعظم مودی حکومت کے تحت علیحدگی پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے اور اتحاد کی جیت پورے کشمیر میں گونج رہی ہے کی بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ کشمیر میں علیحدگی پسندی کی تاریخ بن چکی ہے اور جلد ہی اس کا مکمل خاتمہ ہوگا ۔ سی این آئی کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مقیم حریت کانفرنس کے دو اور حلقوں نے علیحدگی پسندی کو ترک کر دیا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ تعمیر کردہ نئے بھارت میں اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی حکومت کے تحت علیحدگی پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے اور اتحاد کی جیت پورے کشمیر میں گونج رہی ہے۔ایکس پر ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا ’’ وادی کشمیر سے ایک اور بڑی خبر۔ حریت سے وابستہ دو مزید گروپس، یعنی جموں و کشمیر تحریکی استقلال اور جموں و کشمیر تحریک استقامت، نے علیحدگی پسندی کو ترک کر دیا ہے اور وزیر اعظم مودی کی طرف سے بنائے گئے نئے بھارت پر اپنا اعتماد بحال کیا ہے۔ ‘‘ ایک بیان میں، جموں و کشمیر تحریک استقلال کے چیئرمین غلام نبی صوفی نے کہا کہ وہ اور ان کی تنظیم نے کل جماعتی حریت کانفرنس یا متعلقہ نظریہ کے ساتھ کسی دوسرے گروپ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھی لیکن نہ تو کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) اور نہ ہی (ع) عام عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب ہوسکے، وہ عوام کی امنگوں اور جذبات کی نمائندگی کرنے میں ہر قدم پر ناکام رہے۔ میں نے بہت پہلے علیحدگی پسند نظریہ سے اپنے تعلقات منقطع کیے تھے اور آج میں اس کی سرکاری طور پر مذمت کرتا ہوں۔صوفی نے یہ بھی کہا کہ وہ ہندوستان کے ایک سچے اور پرعزم شہری ہیں اور ہندوستانی آئین پر یقین رکھتے ہیں۔ایک الگ بیان میں، جموں و کشمیر تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے بھی کہا کہ وہ اور ان کی پارٹی اب اے پی ایچ سی (جی) یا (ایم) یا کسی دوسرے نظریے سے وابستہ نہیں ہیں جو ہندوستان کے مفادات کے خلاف کام کرتا ہے۔










