حکومت نے جے اینڈ کے کو کھیلوں کا مرکز بنانے کا عزم کیا ہے ۔ ستیش شرما
جموں//انڈور ہال بھگوتی نگر جموں میں چار دن تک چلنے والے 18 ویں یو ٹی لیول جے اینڈ کے ووشو چیمپین شپ کا اختتام ہوا جس میں 19 اضلاع کے تقریباً 1200 ووشو کھلاڑیوں ، 06 کھیلو انڈیا مراکز اور جے اینڈ کے پولیس نے حصہ لیا ۔ وزیر برائے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ٹرانسپورٹ ستیش شرما 18 ویں یو ٹی ووشو چیمپین شپ کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ابھرتے ہوئے نوجوان ووشو کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم دینے اور اس کھیل کی اہمیت کیلئے جے اینڈ کے کے ہر نکڑ اور کونے تک پہنچنے پر ووشو ایسوسی ایشن جے اینڈ کے کی تعریف کی ۔ وزیر نے زور دے کر کہا کہ حکومت کھیلوں کو ترجیح دے رہی ہے اور آنے والے برسوں میں جے اینڈ کے کو کھیلوں کیلئے ایک مرکز بنانے کا عزم ہے ۔ ستیش شرما نے مزید کہا کہ کھیلوں میں نوجوانوں کو مشغول کرنے اور کھیلوں کی طرف اپنی توانائی کو تبدیل کرنے کا واحد ذریعہ ہے ۔ انہوں نے تمام والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں کی طرف راغب کریں جس کے نتیجے میں وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط رہیں گے ۔ انہوں نے حال ہی میں اترا کھنڈ میں منعقدہ 38 ویں قومی کھیلوں میں ووشو کے تمام تمغہ جیتنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کی ۔










