ہم ضمانت دیتے ہیں کہ دہلی کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے/ وزیر اعظم مودی
سرینگر// نئی دہلی کے انتخابات میں جیت پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ عوام کی طاقت سب سے زیادہ ہے اور کہا کہ ترقی اور گڈ گورننس کی جیت ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی شہر کی ہمہ جہت ترقی اور اس کے باشندوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔سی این آئی کے مطابق دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار جیت پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کو تاریخی جیت دلانے کیلئے دہلی کے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ترقی اور گڈ گورننس کی جیت ہوئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا ’’ہم ضمانت دیتے ہیں کہ ہم دہلی کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے اور اس کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اس کے ساتھ، ہم اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ دہلی ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے‘‘۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انہیں بی جے پی کے کارکنوں پر فخر ہے جنہوں نے اتنے بڑے مینڈیٹ کیلئے دن رات محنت کی۔ انہوں نے مزید کہا’’اب ہم مزید طاقت کے ساتھ دہلی کے لوگوں کی خدمت کے لیے وقف ہوں گے‘‘۔خیال رہے کہ بی جے پی نے دہلی میں اپنی 27 سالہ خشک سالی کو ختم کرتے ہوئے انتخابات میں شاندار جیت درج کر لی ہے ۔










