آج وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انہیں جموں کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی سے متعلق قرار دار پیش کریں گے
سرینگر // جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ ہنگامی بنیادوں پر نئی دہلی روانہ ہو گئے ہیں جس دوران وہ مرکزی قیادت سے ملاقات کرکے وزیر اعظم نریندر مودی کو جموں کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی سے متعلق قرار داد پیش کریں گے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بدھ کو نئی دہلی گئے ۔ نیشنل کانفرنس کے ایک سینئر لیڈر نے اس بات کی تصدیق کی کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ دہلی روانہ ہو گئے۔تاہم ذرائع نے بتایا کہ وہ مرکزی حکومت کی اعلیٰ قیادت سے ریاست کے حوالے سے کابینہ کی قرارداد کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ذرائع نے مزید کہا کہ وہ کابینہ کی قرارداد وزیر اعظم نریندر مودی کو سونپ سکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ عمر عبداللہ پہلے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کریں گے جبکہ آج یعنی جمعرات کی صبح وہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کریں گے اور امکان ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لیے اپنی کابینہ کے ذریعے منظور کردہ قرارداد پیش کریں گے۔خیال رہے کہ جموں و کشمیر کی کابینہ نے 17 اکتوبر کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرے۔کابینہ نے وزیر اعلیٰ کو اس معاملے کو وزیر اعظم اور مرکز کے ساتھ اٹھانے کا اختیار دیا۔










