آئندہ تین دنوں تک موسم خشک جبکہ 16دسمبر کو کرگل اور وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں پر ہلکی برفباری کا امکان
سرینگر // بادشا ہ چلہ کلان سے قبل سردیوں نے اپنا زور دکھا یا جس دوران شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر مقامات پر رات کا درجہ حرارت کافی نیچے چلا گیا ۔ د ن میں کھلی دھوپ نکلنے اور رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ جس کے نتیجے میںشہر سرینگر میں منفی 5.3ڈگری کے ساتھ رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جبکہ شوپیان منفی 6ڈگری کے ساتھ وادی کشمیر کا سرد ترین علاقہ درج کیا گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے آئندہ تین دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 16دسمبر کو کرگل اور وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔ادھر جموں میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے اور گزشتہ شب رواں موسم کی سرد ترین ریکارڈ کی گئی ۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق وادی کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں سردیوں نے اپنے زور دکھائے اور سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے دوران مطلع صاف رہنے اور دن میں کھلی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔محکمہ مومسیات کے مطابق گزشتہ شب شہرسرینگر میں رواں موسم کی سردترین رات گزری جس میں درجہ حرارت منفی 5.3ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جس کے نتیجے میںجھیل ڈل کی سطح اور دیگر آبی ذخائر منجمد ہوئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 1.4ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.3ڈگری سینٹی گریڈ اور اسی طرح سے گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ شوپیان نے سیزن کے سرد ترین درجہ حرارت کو بھی نشانہ بنایا، جو گزشتہ رات منفی 5 ڈگری کے مقابلے میں منفی6ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح سے محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 12.0ڈگری اور 8 ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ گزشتہ شب وادی کے تمام علاقوں میں بشمول سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ وادی میںاگلے تین دنوں تک موسم خشک رہ سکتا ہے جبکہ 16دسمبر کو کرگل اور وادی کے بالائی علاقوں جن میں سونہ مرگ ،افروٹ کی پہاڑیوں ، گلمرگ کے بالائی علاقوں اور پہلگام ، قاضی گنڈ اور شوپیاں کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان ہے جبکہ میدان علاقوںمیں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ سردی میں مزید شدت آسکتی ہے ۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔










