کمشنر سیکرٹری فوڈ سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرزنے بانڈی پورہ کا دورہ کیا

بانڈی پورہ //کمشنر سیکرٹری فوڈ سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز (ایف سی ایس اینڈ سی اے )زُبیر احمد نے آج جاری ’وِکست بھارت سنکلپ یاترا‘ کے ایک حصے کے طور پرضلع بانڈی پورہ کا دورہ کیا جس کا مقصد ملک بھر میں ترقی اور پیش رفت کو فروغ دینا ہے ۔ اِس موقعہ پرچیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل عبدالغنی بٹ، وائس چیئرپرسن کوثر شفیق،ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ محمد اشرف حکاک، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی ممبران، پی آر آئیز اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔دوران میٹنگ کمشنر سیکرٹر ی نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے شروع کی گئی’وِکست بھارت سنکلپ یاترا‘، ترقیاتی خلا کو پُر کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ایک فعال اَقدام ہے کہ مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں سے ملک کے کونے کونے میں ترقی ہو۔زُبیراحمد نے کہا کہ یاترا کا مقصد سرکاری اَفسروں، مقامی رہنمائوں بشمول ڈی ڈی سیز، بی ڈی سیز ، پی آر آئیز اور کمیونٹیوں کو اِکٹھاکرنا ہے تاکہ ملک کے کونے کونے میں جامع اور دیرپا ترقی کا راستہ تیار کیا جاسکے۔اِس کا مقصد تمام لوگوں بالخصوص ملک کے دور دراز اور دورافتادہ علاقوں کے لوگوں تک حکومت کے ترقیاتی اَقدامات کی رسائی اور فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ وِکست بھارت سنکلپ یاتراایک مضبوط، ترقی یافتہ اور زیادہ متحرک ہندوستان کی طرف مارچ میں کسی بھی علاقے کو پیچھے نہ چھوڑنے کے حکومت کے عزم کواُجاگر کرتا ہے ۔ اِس کے بعدکمشنر سیکرٹری نے افسروں اور عوام پر زور دیا کہ وہ ملک کی سا لمیت اور ترقی کے لئے پُرعزم رہیں۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈ ی پورہ نے کمشنر سیکرٹری کو جانکاری دی کہ جاری وِکست بھارت سنکلپ یاترا کے دوران تمام 151 پنچایتوں اور43 اربن لوکل باڈیز کو پہلے ہی انفارمیشن ایجوکیشن اینڈ کمیو نی کیشن (آئی ای سی) وین کے ذریعے کور کیا جا چکا ہے جس میں ضلع کی سو فیصد کوریج شامل ہے۔ڈاکٹر اویس احمد نے بتایا کہ یاترا کے دوران جل جیون مشن، آیوشمان بھارت یوجنا، پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا، پردھان منتری مدرا یوجنا، جن دھن یوجنا، پی ایم آواس یوجنا، پی ایم پرنم یوجنا اور یوریا سبسڈی سکیم سمیت کئی سکیموں کا مظاہر ہ کیا گیا ۔اُنہوں نے کہا کہ اِن سکیموں کے تحت استفادہ کنندگان کی سیچوریشن پر بنیادی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی مختلف فلیگ شپ سکیموں کے بارے میں معلومات اور بیداری کو مزید پھیلانے کے لئے یاترا اَب بھی ضلع کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔اِس موقعہ پر مرکزی معاونت والی سکیموں کا لائیو مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں شرکأ کو ان سکیموں اور ان سے فائدہ اُٹھانے کے لئے ضروری طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالوں کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے فلاحی اور آمدنی پیدا کرنے والی سکیموں سے متعلق مختلف استفادہ کنندگان کو اتھارٹی اور منظوری نامے بھی سونپے۔دریں اثناء کلوسہ آڈیٹوریم میں ثقافتی تقریبات اور پروگراموں کا ایک سلسلہ بھی پیش کیا گیا جس میں کشمیری ثقافت اور ورثے کی نمائش کی گئی۔