پہلگام//فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا ( ایف ایس ایس اے آئی ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) کملا وردھنا راؤ نے ایف ایس ایس اے آئی کی مرکزی مشاورتی کمیٹی ( سی اے سی ) کی 42 ویں میٹنگ کی عملی طور پر صدارت کی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف ایس ایس اے آئی انوشا شرما بھی میٹنگ میں موجود تھیں جبکہ میٹنگ میں سی اے سی ممبران ، مختلف وزارتوں کے خصوصی مدعو ، صارفین کی تنظیموں ، ریسرچ باڈیز اور فوڈ انڈسٹری کے ممبران نے بھی شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران ایف ایس ایس اے آئی کے مقررہ اصولوں پر عمل درآمد کرنے والے قوانین کے نفاذ پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ اجلاس میں کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کو روکنے اور فوڈ سیفٹی کے بڑھانے کیلئے اسٹریٹ فوڈ پر مسلسل نگرانی رکھنے پر بھی غور کیا گیا ۔ سی ای او نے میٹنگ کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ خوراک اور ذخیرہ کرنے کے معیارات کی مسلسل نگرانی کی جانی چاہئیے ، انہوں نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر اسٹریٹ فوڈ کے معائینے کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ اجلاس ملک میں فوڈ سیفٹی کے معیار کو بہتر بنانے اور ملک بھر میں کھانے پینے کی اشیاء کی مناسب حفظانِ صحت کو یقینی بنانے کے بارے میں بات کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا ۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ تمام فوڈ پیکٹوں پر ایف ایس ایس اے آئی نشان کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کریں ۔ سی ای او نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت فوڈ سیفٹی لیبز ، انفراسٹرکچر ، ٹیکنالوجی اور نالج شئیرنگ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے جو فوڈ سیفٹی ٹیسٹ کرانے کیلئے درکار ہے اور حکام سے کہا کہ وہ ریستورانوں اور فاسٹ فوڈ مراکز میں فروخت ہونے والے کھانے کیلئے سرٹیفکیشن کے عمل کو تیز کریں ۔










