جرم میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ
سرینگر// جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے وساک ناگ کنڈ روڈ پر کچھ نامعلوم عناصر مردہ جانوروں کو سڑک کے کنارے پھینک رہے ہیں، لوگوں کو خوف ہے کہ اگر مردہ جانوروں کو فوری طور پر ٹھکانے نہیں لایا گیا تو اس سے علاقے میں وبا پھیل سکتی ہے۔کشمیر پریس سروس مانیٹرنگ کے مطابق مقامی لوگوںنے بتایا ہے کہ کچھ شرپسندوں نے مردہ جانور سڑک پر چھوڑے ہیں جس سے بدبو پھیل رہی ہے جس سے آس پاس رہنے والے لوگوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ان جانوروں سے اٹھنے والی بدبو ناقابل برداشت ہے۔ کھڑا ہوا پانی ہر گزرتے دن کے ساتھ آلودہ ہو رہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے کیونکہ پورے علاقے کو اسی ذریعے سے پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے جہاں ان مردہ جانوروں کو کچھ نامعلوم شرپسندوں نے پھینکا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کولگام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیںاور اس عمل میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔دریں اثناء جب نائب تحصیلدار کنڈ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس جرم میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کریں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔










