Flag meeting held between BSF and Pak Rangers

بی ایس ایف اور پاک رینجرس کے مابین فلیگ میٹنگ کا انعقاد

ارینہ سیکٹر میں پاک رینجرس کی فائرنگ کا معاملہ اور دراندازی کے واقعات اُٹھائے گئے

سرینگر//ارینہ سیکٹر میں پاک رینجرس کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے معاملے کے بعد بی ایس ایف آر پاک رینجرس کے مابین فلیگ میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں بی ایس ایف نے رینجرس پر واضح کردیا کہ پاکستانی حدود سے منشیات کی سمگلنگ ہوتی ہے جس پر مکمل روک لگنی چاہئے ۔بی ایس ایف نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی حد متارکہ پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری ہونی چاہئے ۔ اس بیچ بی ایس ایف نے دو پاکستانی دراندازوں کا معاملہ بھی اُٹھایا جس کو بی ایس ایف نے گولی مار کر ہلاک کیا تھا تاہم پاک رینجرس نے ان کی لاشیں لینے سے انکارکیا تھا ۔وائس آف انڈیا کے مطابق ارینہ سیکٹر میں پاکستانی رینجرس کی گولی چلانے کے بعد بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور پاکستان رینجرز کے درمیان کمانڈنٹ سطح کی فلیگ میٹنگ میں بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد پر بکرم پوسٹ پر حالیہ فائرنگ اور سرحد پار سے دراندازی کا معاملہ اٹھایا۔بی ایس ایف نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے فائرنگ بغیر کسی اشتعال اور پیشگی اطلاع کے کی جاتی ہے۔ حال ہی میں دو پاکستانی اسمگلروں نے دراندازی کی۔ ان سے منشیات، پاکستانی کرنسی اور کھانے پینے کی اشیاء کی کھیپ برآمد ہوئی۔ یہی نہیں یہ لوگ آئی بی کراس کر کے داخل ہوئے تھے۔پاکستانی حکام نے اجلاس میں کہا تھا کہ نہتے شہریوں کو اندھیرے میں مارا گیا اور رات کے اندھیرے میں سرحد پر پھینک دیا گیا۔ تاہم انہوں نے مارے گئے دراندازوں کوپاکستانی شہری ماننے سے انکار کر دیا۔پاک رینجرز کے الزامات پر بی ایس ایف نے کہا کہ یہ ایک پیشہ ور فورس ہے اور کبھی غیر مسلح افراد پر بلا ضرورت گولیاں نہیں چلاتی۔ بی ایس ایف کمانڈر نے مارے گئے پاکستانی دراندازوں کے قدموں کے نشانات دکھانے کے لیے رینجرز کو بلایا، لیکن وہ تیار نہیں ہوئے۔ ہلاک ہونے والے افراد بین الاقوامی سرحد پر امن کے لیے خطرہ تھے۔پاک رینجرز کی جانب سے سرحد کی جانب فائرنگ کے معاملے پر بی ایس ایف نے کہا کہ بھارتی حدود میں فائرنگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پاک رینجرز کو پیشگی اطلاع دینے کے بعد ہی کی جاتی ہے۔ اس کے برعکس، پاک رینجرز بعض اوقات بغیر پیشگی اطلاع کے اپنی چوکیوں کے اندر سے فائرنگ کر دیتے ہیں۔بی ایس ایف آئی بی پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔سرحد پر کسانوں کی جانب سے زمین پر قبضہ کرنے کے پاک رینجرز کے الزام کا جواب دیتے ہوئے، بی ایس ایف نے کہا کہ وہ باڑ سے آگے جانے والے اپنے کسانوں پر کڑی نظر رکھتا ہے۔ پاکستان اپنی پوسٹوں پر نگرانی کے آلات کے ذریعے بھارتی علاقے پر نظر رکھتا ہے۔ ہمارے کسان آئی بی کی خلاف ورزی نہیں کرتے۔ میٹنگ میں 165 کور کے بی ایس ایف کے کمانڈنٹ تنجم سونم، 120 کور کے کمانڈنٹ چندررش سونا اور دیگر افسران موجود تھے۔