کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت نے تجارتی اِداروں اور صنعتی اَنجمنوں کے ساتھ اِستفساری سیشن کی صدارت کی

سری نگر//جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے خطے میں اِقتصادی ترقی اور کاروباری ترقی کو فروغ دینے کی مشترکہ کوشش کے تحت آج تجارتی اداروں اور صنعتی انجمنوں کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن طلب کیا۔یہ تقریب اِنوسٹر فیسیلیٹیشن میٹ کی جاری سرگرمیوں کا حصہ تھی۔اِستفساری سیشن میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری ، کنفیڈریشن آف اِنڈین اِنڈسٹری، فیڈریشن آف اِنڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری ، سی اے سٹورایسو سی ایشن ،کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشنز،میراث، تحفظ اور مختلف چھوٹے پیمانے کی صنعتی اَنجمنوں اور کاروبار اِداروں نے فعال شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ نے سیشن کی صدارت کی اوراُنہوں نے خطے کے مستقبل کے کاروباری منظرنامے کی تشکیل میں کلیدی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وکرم جیت سنگھ نے اس تقریب کے کامیاب اِنعقاد میں تجارتی اداروں اور انجمنوں کی شرکت اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کاروبار کی خاطر سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا جہاں نجی شعبہ خطے کی اِقتصادی ترقی میں اہم کردار اَدا کرے گا۔وِکرم جیت سنگھ نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے دوران موصول ہونے والی سفارشات کی بنیاد پر تعمیری تبدیلیوں کو عملانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے حکومت اور صنعتی شراکت داروں کے درمیان جاری تعاون کی بھی حوصلہ افزائی کی اور خطے میں اختراعیت اور دیر پا کاروباری ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے متحد کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اِستفساری سیشن کے دوران ان معزز تجارتی اداروں اور انجمنوں کے نمائندوں نے فعال طور پر اپنی قیمتی معلومات ، تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ ان کی معلومات میں جموں و کشمیر میں کاروباری سرگرمیوں کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا جس میں سرمایہ کاری کے مواقع ، ریگولیٹری اصلاحات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مجموعی کاروباری ماحول شامل ہیں۔اس سیشن میں خیالات کا ایک متحرک تبادلے اورتمام شراکت داروں کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط احساس کا اظہار کیا گیا جس نے جموں و کشمیر میں اِقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد کو اُجاگر کیا۔اِس سے قبل ایم ڈی جے کے ٹی پی او خالد جہانگیر نے خطے میں اِقتصادی ترقی اور کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے لئے اِجتماع کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے کاروباری منظر نامے کو تبدیل کرنے میں ان کے گراں قدر تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف تجارتی اَنجمنوں اور صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین کی موجودگی کی سراہنا کی۔اِستفساری سیشن نے جے کے ٹی پی او اور حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے سرمایہ کاری کا سازگار ماحول پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے عزم کا ثبوت پیش کیا جس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔اِس موقعہ پر اِستفساری سیشن میںچیئرمین کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جاوید احمد ٹینگا، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وِکی شا، کے سی سی ڈی اوبلال احمد، کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری ، خورشید،، فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان گوجو ،جی این ڈار، میراث کارپٹس، محمد رفیق،تحفظ اور کشمیر کی مختلف انجمنوں کے دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔