جموں// چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی ہدایت پر کمشنر سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پریرنا پوری نے جموں و کشمیر کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموںوکشمیر یوٹی میں اِی ۔آفس کے صد فیصد عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں تمام ڈپٹی کمشنروں نے بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی جبکہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر جے اے کے اِی جی اے انورادھا گپتا ، سٹیٹ اِنفارمییٹکس آفیسر سلیم خان ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ آئی ٹی راجندر کھجوریا اور ستیش کمار شرما اور دیگر متعلقین میٹنگ میں ذاتی طور پر موجود تھے۔میٹنگ کا مرکزی مقصد سرکاری فائل پروسسنگ کی ای۔آفس پلیٹ فارم پر مکمل منتقل کرنا تھا جس میں اضلاع، بلاکس اور پنچایتیں شامل تھیں۔ شفافیت، جوابدہی، اور سرکاری ریکارڈ تک رسائی کو بڑھانے کے لئے بغیر کاغذاور ڈیجیٹل طریقے سے چلنے والے نظام کی طرف بڑھنے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔ کمشنر سیکرٹری نے میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زوردیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ای۔آفس سرکاری فائلوں کی پروسسنگ کا معیار بن جائے۔ اس تبدیلی سے سرکاری دفاتر کے کام کاج میں انقلاب آئے گا اور متعلقہ شراکت داروں کو معلومات تک آسانی رسائی حاصل ہوگی۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زرو دیا کہ وہ تمام اَضلاع کے تمام محکموں میں اِی۔ آفس کے اِستعمال کو فروغ دیں۔اِس کے علاوہ پریرنا پوری نے ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ کم از کم پانچ آن لائن خدمات پیش کریں جو ان کے متعلقہ اضلاع کے لئے اِی۔ اُنّت پلیٹ فارم میں انضمام کے لئے تیار کی جا سکتی ہیں۔ اِس اَقدام کا مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات اور معلومات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں اور بلاکوں میں ای۔ آفس سسٹم کو بلاتعطل اپنانے کے لئے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ضلع کے تمام انتظامی یونٹوں میں ای۔ آفس کو فعال بنانے میں ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جاسکے۔جموں و کشمیر کی حکومت گورننس اور شہری خدمات کی بہتری کی خاطر ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے پُر عزم ہے۔










