Union Secretary Labour and Employment

مرکزی سیکرٹری نے بڈگام سرینگر کا دورہ کیا ، ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا

جے کے ای پی ایف او سے سی پی ایف او کی عارضی سرگرمیوں کی صورتحال کا جائیزہ لیا

بڈگام //مرکزی سیکرٹری لیبر اینڈ ایمپلایمنٹ آرتی آہوجا نے آج سڈکو انڈسٹریل کمپلیکس اومپورہ بڈگام میں زیر تعمیر ایمپلائیز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن ( ای ایس آئی سی ) ہسپتال کا دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران مرکزی سیکرٹری نے پرایمری ہیلتھ سہولت میں زیر تکمیل مختلف ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔انہیں وہاں جاری تعمیراتی کاموں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ کام سرعت سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڈگام میں ای ایس آئی سی ہسپتال بیمہ شدہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کی طبی ضروریات کو پورا کرے گا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور صحت کے شعبے میں بہت سے ترقی پسند اقدامات کئے گئے ہیں تا کہ لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مزدور طبقے کے سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے ان کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے متعدد سنگ میل طے کئے ہیں ۔ انہوں نے سونوار میں ای ایس آئی سی ڈسپنسری کا بھی دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا اور صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو بہترین صحت کی دیکھ بھال فراہم کریں ۔ مرکزی سیکرٹری نے بٹہ مالو میں علاقائی ملازمین پراویڈنٹ فنڈ آفس ( ای پی ایف او ) کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور جے کے ای پی ایف او کی سنٹرل پروویڈنٹ فنڈ آرگنائیزیشن میں عارضی سرگرمیوں کی صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ مختلف سائٹس کے دورے کے دوران مرکزی سیکرٹری کے ساتھ سیکرٹری لیبر اینڈ ایمپلایمنٹ ریحانہ بتول ، لیبر کمشنر جموں و کشمیر منیر السلام ، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نثار احمد وانی اور دیگر افسران بھی تھے ۔