Fire service

جموں وکشمیرمیں آگ کی وارداتوں کے دوران فوری ردعمل اور بچائو اقدامات

جدیدآلات،مشینیں اور ٹرن ٹیبل سیڑھی بچائو کاری میں شامل:ڈائریکٹر فائراینڈایمرجنسی سروسز

سری نگر//جموں و کشمیر میں آگ اور ہنگامی خدمات یعنی فائراینڈایمرجنسی سروسزکے محکمے کی طرف سے85ہزار سے زیادہ لوگوں کو پہلے جواب دہندگان کے طور پر آگ کی حفاظت، روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں تربیت دی گئی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق حکام نے جمعہ کو کہاکہ محکمہ کے بیداری پروگرام کے تحت کل640 اسکول، 300 اسپتال اور طبی ادارے شامل تھے۔ آگ اور ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر آلوک کمار نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ ہم آگ کے واقعات کو روکنے کے لیے عوام میں بیداری پھیلا رہے ہیں اور پہلے فائر ریسپانس پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پہلا جواب دہندہ وہ شخص ہوتا ہے جس کی خصوصی تربیت ہوتی ہے جو ہنگامی حالات میں پہنچنے اور مدد فراہم کرنے والے پہلے لوگوں میں شامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی پروگرام کے تحت300 سے زائد ہسپتالوں اور طبی اداروں کا احاطہ کیا گیا اور ان کے 15000 سے زائد ملازمین کو تربیت دی گئی۔عہدیدار نے بتایا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں176 فائر اسٹیشن ہیں۔ 2022میں 5813 آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔ اس سال ایسے 1000 سے زیادہ واقعات رونما ہوئے ہیں۔ محکمہ کا مقصد اس پروگرام کے ذریعے آتشزدگی کے واقعات کی تعداد کو کم کرنا ہے۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ انتظامیہ اپنے آلات اور مشینوں کو اپ گریڈ کر کے فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کو بھی مضبوط کر رہی ہے۔ آلوک کمارنے کہاکہ حال ہی میں ہم نے ٹرن ٹیبل سیڑھی (TTL) کو شامل کیا ہے۔ یہ فن لینڈ سے لایا گیا تھا اور 14 منزلہ عمارتوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمے کے پاس ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بورنگ اور ڈرلنگ کے لیے کٹر اور مشینیں بھی موجود ہیں۔ فائر سیفٹی ڈے کے موقع پر محکمہ نے جمعہ کو ان فائر مین کو یاد کیا جنہوں نے بچاؤ اور آگ بجھانے کے مشن کے دوران عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔حکام کے مطابق محکمہ آگ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے 20 اپریل کو ختم ہونے والے فائر سروس ہفتہ میں مختلف پروگرام شروع کرے گا۔ کمار نے مزید کہا کہ یہ پروگرام ضلعی سطح پر بھی منعقد کیے جائیں گے، جس میں صنعتی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے ساتھ دیگر اداروں کے ساتھ گاؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔