The vehicle fell into a deep ditch in Ramban, an oil tanker in Varzhupian

رام بن میں تیل ٹینکراورزشوپیان میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری

ڈرائیور اور نوعمرلڑکا لقمہ اجل،2خواتین زخمی

رام بن،شوپیان ،بارہمولہ//سری نگر جموں شاہراہ پر منگل کی صبح ایک تیل ٹینکرکے گہری کھائی میں جاگرنے سے ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا۔ادھرضلع شوپیاں کے زاوورا علاقے میں منگل کو ایک سڑک حادثے میں ایک نوعمرلڑکا لقمہ اجل بن گیااوراسکی 2رشتہ دارخواتین زخمی ہوگئیںجبکہ بارہمولہ قصبہ میں پیرکی شام ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے زخمی ہونے والاقصبے کاایک بزرگ SKIMSمیں دم توڑ بیٹھا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق سری نگرجموں شاہراہ پر منگل کی صبح ایک تیل ٹینکر زیر نمبرJK01AJ-9101کالاموڑ رام بن کے نزدیک ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگرا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ،سیول کیو آرٹی رام بن اورایس ڈی آرایف کے اہلکاروںنے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔بچائو اہلکاروںنے تیل ٹینکر کے ڈرائیور سمیر احمد راتھر ولد غلام محمد ساکن ہری پاریگم ترال کی میت کوگہری کھائی سے برآمد کیا۔رام بن پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ادھرضلع شوپیاں کے زاوورا علاقے میں منگل کو ایک سڑک حادثے میں ایک نوعمرلڑکا لقمہ اجل بن گیااوراسکی 2رشتہ دارخواتین زخمی ہوگئیں ۔ذرائع نے بتایا کہ زاوورا شوپیان میں ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں ایک نوعمرلڑکا موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ2 دیگر زخمی ہوئے جنہیں ضلع ہسپتال شوپیاں منتقل کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق اس حادثے میں لقمہ اجل بننے والے نوعمر لڑکے کی شناخت جانو شکیل ولد شکیل احمدجبکہ زخمیوں کی شناخت گلشنہ بانو زوجہ عبدالرشید اور نصرت جان زوجہ ریاض احمد ساکنان شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔دریں اثنا،شوپیان پولیس نے واقعے کا نوٹس لیکرتحقیقات شروع کردی ہے۔اس دوران قصبہ بارہمولہ میں گورونانک اسکول کے قریب پیر کی شام تقریباًساڑھے6بجے نامعلوم گاڑی نے ڈی سی آفس روڑ پر واقع گُڈلک فرنیچر کے مالک غلام رسول بٹ ساکنہ نئی بستی کانلی باغ بارہمولہ کوٹکر ماردی ۔مذکورہ کاریگر وتاجر کوجی ایم سی بارہمولہ سے SKIMSمنتقل کیاگیا،جہاں وہ زخموںکی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے ۔اس سلسلے میں بارہمولہ پولیس نے معاملہ درج کرکے حادثے کاموجب بننے والی گاڑی کی تلاش شروع کردی ہے ۔