محکمہ ھٰذاکی کاوشیں قابل سراہنا،اہل افراد بہتر خدمات کی فراہمی کی ضمانت:صوبائی کمشنر کشمیر
سری نگر//حقوق صارفین کے قومی دن کے موقعہ پر ٹیگور ہال سری نگرمیں ایک تقریب منعقد ہوئی ،جس کااہتمام محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر نے کیاتھا۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے مہمان خصوصی تھے ۔جے کے این ایس کے مطابق ہرسال ملک میں حقوق صارفین کادن منایاجاتاہے ،اورسال1986میں ملک میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ وجود میں آیا تھا۔اس سال حقوق صارفین کے قومی دن کاموضوع ’صارفین کمیشنوں میں مقدمات کا موثر نمٹنا‘تھا۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے مہمان خصوصی تھے ۔ڈائریکٹر محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر ڈاکٹر عبدالسلام میر نے مہمان کاخیرمقدم کرنے کے بعداس دن کی تاریخ اوراہمیت بیان کی ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے ملک میں ہرسال24دسمبر کو صارفین کے حقوق کادن منایا جاتا ہے۔اس قومی دن کومنانے کامقصد صارفین کے حقوق کو فروغ دینے کیساتھ ساتھ اْنھیں حقوق کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا بھی ہوتاہے۔انہوںنے کہاکہ اشیا ئے ضروریہ کی خرید و فروخت میں صارفین سب سے زیادہ طاقت رکھتے ہیں اور جہاں مغرب نے صارفین کے حقوق کو درست طریقے سے قائم کیا ہے، ہماراملک ہندوستان بھی صارفین کے حقوق کو اجاگر کرنے اوراْنھیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کیساتھ کوشش کر رہا ہے۔ڈائریکٹرموصوف کاکہناتھاکہ ہم آج یہاں عام صارفین کی تحریک اور اْن کے ساتھ یکجہتی میں کھڑے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کو جاننے کیلئے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں تاکہ ہم زیادہ موثر اور بیتر اندازمیں صارفین کے حقوق کی حفاظت کویقینی بناسکیں۔ ڈاکٹر عبدالسلام میر نے مزید کہاکہ ہمارے ملک ہندوستان میں صارفین کے حقوق کو 90کی دہائی میں سنجیدگی سے لیا گیا جب1986 کا کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ نافذ ہوا۔ اس بل کا مقصد صارفین کو ناقص اشیاء کی فروخت، غیر منصفانہ تجارت، دھوکہ دہی اور خدمات میں کمی جیسے استحصال سے بچانا تھا۔انہوںنے کہاکہ ہمارا محکمہ اور اسکی انفورسمنٹ ونگ نے پورے سال اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کواعتدال پررکھنے کیلئے مارکیٹ چیکنگ میں تیزی لائی۔متعلقہ افسر اورملازمین اسبات کیلئے شاباشی اورحوصلہ افزائی کے مستحق ہیں کہ انہوںنے نہ صرف صارفین کی شکایات کافوری ازالہ کیا ،بلکہ مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمتیں وصول کرنے کے مرتکب دکانداروں ،تاجروں اور قصابوں وغیرہ کیخلاف قانون کے تحت کارروائیاں بھی عمل میں لائیں۔ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالسلام میر کاکہناتھاکہ ہمیں یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ جموں وکشمیرمیں محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کے قیام کابنیادی مقصد عام لوگوںکوراحت پہنچانے کیساتھ ساتھ مقوی اور معیاری غذائیات کے حوالے سے اْن کے حقوق کے تحفظ کویقینی بناناہے۔انہوںنے بتایاکہ غذائی اجناس کی تقسیم کاری ہو یاکہ فراہمی ،ہمارے محکمے کے سبھی ملازمین کارول قابل قدر رہاہے ،کیونکہ تمام تر حالات میں یہ ملازمین ،عام صارفین کوراحت پہنچانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔ڈائریکٹر موصوف نے کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہورہاہے کہ محکمہ فوڈ ،سیول سپلائز اورامورصارفین کاواسطہ براہ راست عام آدمی یعنی صارفین سے رہتا ہے ،اور عام صارفین کی بھروسہ مندی ہی ہم سب کیلئے حوصلہ افزائی کااہم ذریعہ ہے۔انہوںنے کہاکہ سال2022میں محکمہ نے عام صارفین کی شکایات کافوری اور بروقت ازالہ کرنے کی جانب خاص توجہ دی ،جسکے تحت صارفین کی1304شکایات میں سے1299کاازالہ کیاگیا۔اُنکاکہناتھاکہ رواں سال قیمتوں کواعتدال پررکھنے اور مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں اورقصابوں وغیرہ کیخلاف محکمہ کی انفورسمنٹ ونگ کے افسروں اورملازمین نے سری نگر سمیت کشمیر وادی کے اطراف واکناف میں ایک لاکھ 411مرتبہ بازاروں اور کاروباری مراکز کااچانک معائنہ کیا ۔اس دوران مقررہ قیمتوں سے زیادہ نرخوں پر اشیائے خوردنی فروخت کرنے والے18097تاجروں اور دکانداروں کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اْن سے 84لاکھ28ہزار 230روپے بطور جرمانہ وصول کیاگیا ،اورساتھ ہی لاکھوں روپے مالیت کی گلی سڑی اور زائدالمیعاد کھانے پینے کی چیزوںکوموقع پر ہی ضائع کردیا گیا۔محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامور صارفین کشمیر چیکنگ اور کارروائیوںکے دوران اشیائے خوردنی کی نرخوں اور معیار کوبالائے طاق رکھنے والے 230دکانات اور دیگر کاروباری مراکز کوسیل کردیاگیا۔اس موقعہ پر مہمان خصوصیڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے شفافیت کے وسیع پیمانے پر اقدامات شروع کرنے کیلئے محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بایومیٹرک اور آدھار سے چلنے والے پوائنٹ آف سیل ڈیوائسز کے ذریعے انتہائی شفاف طریقے سے غذائی اجناس کی تقسیم میں محکمہ کے کردار کو خاص طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ محکمہ نے کامیابی کے ساتھ صوبے کے ہر کونے اور کونے تک رسائی حاصل کی ہے تاکہ انتہائی اہل افراد تک بغیر کسی پریشانی کے خدمات کی فراہمی کی جا سکے۔ مہمان خصوصی کی طرف سے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ محکمہ ایڈوانس تکنیکی ذرائع سے عوام کی توقعات پر پورا اترا ہے۔مسز فوزیہ پول، ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی سری نگر نے عدالتی سیٹ اپ میں قانونی تحفظ اور ازالے کے طریقہ کار پر غور کیا اور صارفین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی شکایات کے ساتھ آگے آئیں تاکہ ان کا ازالہ کیا جا سکے۔ ڈاکٹر جہاں آرا،IMPARD سری نگراوردیگر مقررین نے صارفین کے حقوق اور آئینی تحفظات پر بات کی۔ پروگرام میں مختلف تجارتی اداروں کے نمائندوں، میڈیا برادری کے نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے صارفین نے شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئر کشمیر مسز نجوان نازکی کے شکریہ کے ساتھ ہوا۔










