سوربھ بھگت نے پی ایم ۔کُسم اور روف ٹاپ سولر سکیموں کی بیداری پروگرام کا اِفتتاح کیا

سری نگر//جموں و کشمیر انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ نے گورنمنٹ خواتین پولی تکنیک بمنہ بائی پاس میں پی ایم۔کُسم سکیم کے تحت طلباء کو رہائشی سیکٹر کے لئے گرڈ سے منسلک روف ٹاپ سولر پاور پلانٹس اور آبپاشی پمپوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے شمسی توانائی کا استعمال کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا ۔ کمشنر سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سوربھ بھگت نے اِس تقریب کا اِفتتاح کیا۔ پروگرام میں کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن اطہر عامر خان، وائس چیئرمین سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی حارث احمد ہنڈو، سی اِی او جیکڈ ڈاکٹر پی آر دھر اور پرنسپل گورنمنٹ وومن پولی تکنیک ڈاکٹر شفقت آرا،جکیڈا،ایس ایم سی ، کے پی ڈی سی ایل ، ایس ڈی اے ، سری نگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ اور دیگر لائن ڈیپارٹمنٹوں کے اَفسران نے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری نے اَفسران اور طلباء کو مرکزی وزارتِ نئی اور قابلِ تجدید توانائی کی طرف سے پی ایم ۔کُسم اور گرڈ کنیکٹیڈروف ٹاپ سولر پاور پلانٹ سکیم کے تحت مختلف فوائد اور ترغیبات سے آگاہ کیا۔سوربھ بھگت نے گرڈ کنیکٹیڈ روف ٹاپ سولر سکیم کے بارے میں بتایا جس کے تحت ڈِسکامز کے گھریلو صارفین کو 65فیصد کی اِجتماعی سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے بجلی بِلوں کو نیٹ میٹرنگ کے طریقہ کار کے تحت آفیسٹ کرنے کے لئے روف ٹاپ سولر پلانٹوں کی تنصیب کی جاسکے۔کمشنر سیکرٹری موصوف نے ایس ایم سی اور ایس ڈی اے کے اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ آنے والی عمارتوں اور ٹائون شپ میں گرڈ سے منسلک روف ٹاپ سولر پاور پلانٹ کی تنصیب کو لازمی بنائیں۔طلباء کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں سکیموں کے بارے میں ان کے خدشات اور سوالات کو بھی دُور کیا گیا۔بعداَزاں، پی ایم۔کُسم سکیم اور روف ٹاپ سولر سکیم کے تحت سولر پمپوں کی تمام متعلقہ معلومات جیسے قیمتیں ، سبسڈی کی رقم ، فائدہ اُٹھانے والوں کا حصہ ، ضلع نوڈل اَفراد کے رابطہ نمبروں پر مشتمل پمفلٹ طلبہ اور اَفسران میں تقسیم کئے گئے تاکہ سکیم کو مقبول بنایا جاسکے۔