Secretary Mining

سیکرٹری نے صوبہ کشمیر میں کان کنی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر//سیکرٹری کان کنی امیت شرمانے صوبہ کشمیر کے معدنیات نکالنے کے چند مقامات کا دورہ کر کے معائینہ کیا اور اُنہوں نے بعد میں آج یہاں متعدد محکمانہ اَمور پر ایک جامع جائزہ میٹنگ منعقد کی۔سیکرٹری کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر مائننگ کشمیر نثار احمد، منیجر جے اینڈ کے منرلز لمٹیڈ پر مود کھجوریہ اور متعلقہ اَضلاع کے ڈسٹرکٹ منرل اَفسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری موصوف نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ پولیس ٹیموں اور ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر تمام حساس مقامات پر فلائنگ سکاڈز سے کان کنی کی جگہوں کا معائینہ کریں اور دونوں جوائنٹ ڈائریکٹرس آف جیولوجی اینڈ مائننگ کی نگرانی میں ہوں۔بعد میں سیکرٹری موصوف نے سول سیکرٹریٹ سر ی نگر میں محکمہ کان کنی کی ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ اوپی بھگت ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے منرلز کارپوریشن وِکرم کے گپتا ، تمام اَضلاع کے جوائنٹ ڈائریکٹروں اور ڈی ایم اوز نے ذاتی طور پر اور بذریعہ آن لائن موڈ شرکت کی۔میٹنگ کا سب سے بڑا فوکس آئندہ برس 2023ء کے دوران یونین ٹیریٹری کے تمام اَضلاع میں جائز کان کنی کے طریقوں کو جاری رکھنا اور اِی ۔ چالان اور اِی ۔مارکیٹ پلیس کے اِستعمال سے محکمہ کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنا تھا۔سیکرٹری موصوف نے محکمہ کام کاج کا ضلع وار جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے دونوں شعبوں کے سربراہوں کو میٹنگ میں اُٹھائے گئے اور زیر بحث آنے والے تمام مسائل کو جلد اَزجلد حل کرنے کے لئے مخصوص ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے سرمائی مہینوں کو بہترین طریقوں سے مثالی بنانے اور پوری وادی میں کان کنی کی سرگرمیوں کومتحرک رکھنے پر خصوصی زور دیا تاکہ قومی اہمیت کے جاری منصوبوں جیسے رِنگ روڈ ، نیشنل ہائی ویز اور ریلوے پروجیکٹوں کو نقصان نہ پہنچے ۔سیکرٹری موصوف نے جموںوکشمیر معدنیات کارپوریشن کو کشتواڑ کے پیڈر علاقے میں جموں سیفائر نکالنے ، راجوری ضع کے علاقے کالا کوٹ میں کوئلہ نکالنے اور رام بن ضلع کے پارلنکا علاقے میں جپسم نکالنے جیسے اَپنے منصوبوں کی کامیاب تکمیل سے ایک مادل اِدارہ بنانے کی اِجتماعی کوششوں پر زور دیا۔اُنہوں نے مزید ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ سے کہا کہ وہ سال کے آخیر مالی سہ ماہی میں نئی سائٹوں کی اِی۔ نیلامی کے اِمکانات کو تلاش کریں تاکہ جموںوکشمیر یوٹی کے خزانے کو اس سے زیادہ سے زیادہ رائلٹی کمائی جاسکے۔اُنہوں نے اسے راجوری اور رِیاسی اِضلاع میں بالترتیب جیولوجیکل سروے آف اِنڈیا سے اہم معدنیات جیسے لائم سٹون اور باکسائٹ کی دو جگہوں کو جلد اَز جلد اِی۔ نیلامی کے لئے لینے کی ہدایت دی۔سیکرٹری نے دونوں سربراہان کو ہفتہ وار جائزہ میٹنگ طلب کرنے کی تاکید کی تاکہ زیر اِلتوأ مسائل کو حل کیا جاسکے اور آنے والے ہفتے کے لئے نئے منصوبے اور اہداف مقرر کئے جاسکیں۔