جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں سیکاپ ( ایس آئی سی او پی ) اور سیڈ کو ( ایس آئی ڈی سی او ) کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت پرشانت گوئیل ، سیکرٹری صنعت وحرفت سمیتا سیٹھی،ایم ڈی سیڈکو رمن کمار کیسر،دونوں کارپوریشنوں کے جنرل منیجروںدیگر سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔دوران میٹنگ اِن دونوں کارپوریشنوں کے آپریشنل اور مالیاتی پہلوئوںکے علاوہ ان طریقوں اور ذرائع پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاجن سے جموںوکشمیر میں صنعتی شعبے کی تیز رفتار ترقی کے لئے ایک ماحولیاتی نظام قائم کیا جاسکتا ہے ۔ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے میٹنگ میں اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کارپوریشنوں کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ کارپوریشن کی اِکائیوں کو مزید متحرک اور مالی طور پر قابلِ عمل بنانے کے لئے جدید اور مؤثر طریقوں کو بروئے کار لایا جانا چاہیے تاکہ وہ جموںوکشمیر کی معیشت میں مؤثر کردار اَدا کرسکیں اور اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرسکیں۔ مشیر موصوف نے اَفسران سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر یوٹی میں صنعتی شعبے کے فروغ کے لئے ایک جامع طریقہ کار وضع کریں تاکہ نئے صنعت کاروں کو نئی اِکائیوں کے قیام کے لئے ایک اَچھی طرح سے قائم ماحولیاتی نظام فراہم کیا جاسکے ۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ نئی اِنڈسٹریل سٹیٹس کے قیام کے عمل کو تیز کیا جائے اور اِس کے لئے فنڈز کا صحیح اِستعمال کیا جائے۔










