خشک موسم کے بیچ 40روزہ چلہ کلان کے واردِکشمیر ہونے کاقوی امکان

2018سے چلہ کلان کا خشک موسم کیساتھ استقبال جاری :ماہر موسمیات فیضان عارف

سری نگر//محکمہ موسمیات نے ان امکانات کی تصدیق کی کہ امسال 40روزہ چلہ کلان خشک موسم کے بیچ وارد ہوگا،اور یہ کہ 26دسمبر کومغربی ہوائوںکے معمولی عمل دخل کے بغیر موسم میں کسی بڑی تبدیلی کے آثار دکھائی نہیں دے رہے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر محمدحسین میرنے میڈیا کوبتایاکہ امسال چلہ کلان خشک موسم کے بیچ واردِکشمیر ہوگا۔انہوںنے کہاکہ کشمیر وادی میں 25دسمبرتک موسم مجموعی اور بنیاد طورپر خشک رہنے کاامکان ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر موصوف نے بتایاکہ 26دسمبر کومغربی ہوائوںکی ایک کمزور لہر گرچہ کشمیرکی حدودمیں داخل ہوگی لیکن اسکے نتیجے میں بالائی مقامات پر کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے جبکہ وادی کے بیشتر علاقوںمیں اس کاموجودہ موسم پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر محمدحسین میرنے کہاکہ اسکے بعدموسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے ۔موصوف ڈپٹی ڈائریکٹر نے آنے والے دنوںمیں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں مزید تنزلی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ وادی میں فی الوقت دن کادرجہ حرارت معمول سے2تا3 ڈگری زیادہ ہے لیکن رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقعہ ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ آنے والے ایام میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے2سے3ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کاامکان ہے ۔اس دوران وادی کے معروف ماہر موسمیات فیضان عارف نے کہاہے کہ وادی میں امسال بھی چلہ کلان خشک موسم کے بیچ وارد ہوگا،اورایساپانچویں مرتبہ ہوگا،جب چالیس دنوں پر محیط سردیوںکاشہنشاہ کااستقبال خشک موسم کیساتھ ہوگا۔انہوںنے کہاکہ سال2018میں پہلی بار چلہ کلان خشک موسم میں وارد ہواتھا،اوراسکے بعدسے یہ سلسلہ جاری ہے۔